سنیل نارائن ورلڈ کپ اسکواڈ سے خارج

سینٹ جانس (اینٹی گوا اینڈ باربوڈا) ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے امکانات کو آج زبردست دھکا لگا جب پراسرار و سنسنی خیز سنیل نارائن کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلنے والے اسکواڈ سے خارج کردیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیہ کے مطابق ’’نارائن کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے نئے انداز پر پوری اعتماد کے ساتھ بولنگ کے قابل ہونے کیلئے مزید وقت درکار ہوگا‘‘۔ ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے اس پر اسرار اسپنر کے خلاف اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کوئی پابندی نہیں ہے لیکن گزشتہ ستمبر کے دوران انڈین چمپینس لیگ ٹی 20 میں دو موقعوں پر ان کی بولنگ غیرقانونی قرار دی گئی تھی۔ بعدازاں انہیںکولکتہ نائٹ رائیڈرس میں کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔ نارائن نے اپنے بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی مدد کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا اور اپنے طور پر ایکشن درست کرنے کا عمل جاری رکھا تھا۔ انڈین چمپینس لیگ کے تلخ تجربہ کے بعد ان کا پہلا مسابقتی مقابلہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگا میں ناگیکو سوپر 50 علاقائی 50 اوور ٹورنمنٹ تھا جو اتوار کو ختم ہوا۔ نارائن نے اس میچ میں انتہائی متاثرکن مقابلہ کرتے ہوئے 8 اوورس میں 9 وکٹس کے عوض 6 وکٹس حاصل کیا جس سے ان کی ٹیم کو کوئین پارک اوول پر کھیلے گئے فائنل میں گیانا کے خلاف شاندار فتح حاصل ہوئی۔