نئی دہلی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے پر اسرار سمجھے جانے والے اسپنر سنیل نارائن نے بی سی سی آئی کا بولنگ ایکشن ٹسٹ کامیاب کرلیا ہے اور اب وہ ہندوستانی بورڈ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے تمام ٹورنمنٹس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ وہ 8 اپریل سے شروع ہونے والے انڈین پریمئیر لیگ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ اطلاعات تھیں کہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے انتباہ دیا تھا کہ اگر نارائن کو آئی پی ایل میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تو ان کی ٹیم آئی پی ایل کے آٹھویں ایڈیشن سے دستبردار ہوجائیگی ۔ بی سی سی آئی کی بولنگ ریویو کمیٹی نے جس میں وینکٹ راگھون ‘ جواگل سریناتھ اور اے وی جئے پرکاش شامل تھے سنیل نارائن کے متبدلہ ایکشن کا معائنہ کیا ۔ اس سے قبل نارائن آئی سی سی کے منظورہ ایس آر ایم سی سنٹر میں بائیو میکانیکل ٹسٹ میں حصہ لیا تھا ۔ بی سی سی آئی کی کمیٹی نے یہ رائے ظاہر کی کیا کہ سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن آئی سی سی کے منظورہ حدود میں ہے اور معائنوں کے دوران وہ ٹھیک پائے گئے ہیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے آج ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور سنیل نارائن کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اب سنیل نارائن کو پیپسی آئی پی ایل 8 میں ایکشن میں دیکھا جاسکے گا کیونکہ انہیں بی سی سی آئی کی کمیٹی نے کلئیر کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم 8 اپریل کو کولکتہ میں کھیلے جانے والے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور ممبئی انڈینس کے میچ کے منتظر ہیں جو ہوسکتا ہے کہ ٹورنمنٹ کیلئے ایک بہترین شروعات فراہم کرے ۔