عادل آباد میں کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز، جوگو رامنا کا ادعا
عادل آباد /25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چیندر شیکھر راؤ صحت مند ہیں، علاج کی غرض سے امریکہ روانگی کی اطلاع کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ریاستی وزیر جوگو رامنا نے کہا کہ چیف منسٹر ہر روز تقریباً 18 گھنٹے ریاست تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ بنانے کی غرض سے کام میں مصروف ہیں۔ مستقر عادل آباد کے فاریسٹ گیسٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندں کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر جنگلات، ماحولیات اور بی سی طبقہ ویلفیر نے کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی اور تلگودیشم قائدین بالترتیب پونالا لکشمیا، کشن ریڈی اور راٹھور رمیش کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی پرزور طریقہ سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے ہر شعبہ کو ترقی دینے کی غرض سے چیف منسٹر کوشاں ہیں۔ کانگریس اور تلگودیشم نے عرصہ دراز تک مرکز و ریاست کے اقتدار پر برقرار رہنے کے باوجود ضلع عادل آباد کو نظرانداز کیا، جب کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے سات ماہ کے مختصر سے وقفہ میں ضلع عادل آباد میں کروڑوں روپیوں کے صرفہ سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کرچکی ہے۔ ضلع کے قبائلی علاقہ جوڑے گھاٹ، جہاں 25 کروڑ روپئے کے صرفہ سے کومرم بھیم کے نام پر ایک ٹرائل میوزیم، 30 بستروں پر مشتمل ایک گیسٹ ہاؤس کے علاوہ دیگر کاموں کو انجام دیتے ہوئے ایک سیاحتی مرکز بنانے کی غرض سے 15 کرور روپئے 9 اکتوبر کو جاری کرچکی ہے۔ کومرم بھیم کے خاندانوں کے دو افراد کو سرکاری ملازمت اور فی کس دس لاکھ روپئے امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ قبائلی طبقہ کے اقامتی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں عمدہ قسم کے 7000 بلانکٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ ضلع کے تقسیم کے بعد جدید قائم ہونے والے ضلع کا نام ’’کومرم بھیم‘‘ رکھنے سے چیف منسٹر اتفاق کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی منشور کے وعدوں کے علاوہ ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کی خاطر مختلف اسکیموں کو عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں مسرز بھوما ریڈی، دامود ریڈی، بھوجا ریڈی، ٹاؤن کمیٹی صدر سید ساجد الدین، اطہر اللہ، احمد خاں اور مسعود پٹیل بھی موجود تھے۔