کریم نگر میں گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور کی میڈیا سے بات چیت
کریم نگر /21 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حصول تلنگانہ کے لئے جس طرح سب نے متحدہ طورپر حصہ لیا تھا، اسی طرح سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے لئے باہم مل کر کوشش کرنی ہوگی۔ یہ بات گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے کہی۔ چیف وہپ کا حلف لینے کے بعد پہلی بار کریم نگر آمد پر وہ یہاں زیڈ پی میٹنگ ہال میں پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل سے لے کر آج تک میں نے ایک فرض شناس سپاہی کی طرح خدمات انجام دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ میں ضلع کریم نگر کا رول اہم رہا ہے، اس لئے ضلع کو چاہے جتنے اہم عہدے حوالے کئے جائیں پھر بھی کم ہیں، پھر بھی ضلع کو دو وزراء اور کچھ کابینی سطح کے عہدے حوالے کئے گئے۔ زیڈ پی چیرپرسن فلااما نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2001ء سے ریاست کی تشکیل تک قابل ستائش کردار نبھانے والے کے ایشور کو کے سی آر نے قابل لحاظ مقام دیا ہے۔ ایم پی ونود کمار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کے ایشور کو انکی خدمات کے لحاظ سے مزید عہدے اور ذمہ داریاں حوالے کی جائیں گی۔ ایم ایل اے گنگولا کملاکر نے کہا کہ ضلع کو پہلی مرتبہ چیف وہپ کا عہدہ ملنا انتہائی مسرت کی بات ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس ضلع صدر اے شنکر ریڈی، زیڈ پی چیرپرسن رانی ریڈی راج ریڈی، سردار رویندر سنگھ، زیڈ پی ٹی سی شرت راؤ، سدم وینو، اے سگناکر، اے سرینواس، کے سندھیا رانی، ایس ویریشم، لچی ریڈی، منجوا ریڈی، وی رمیش، سریکانت ریڈی، جمیل الدین، کے ریوتی راؤ، تروپتی نائک وغیرہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں کے ایشور کا پرجوش انداز میں شنگرم کے پاس خیرمقدم کیا گیا اور بعد ازاں کثرت سے مبارکباد دیتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔