ٹی آر ایس عنقریب قومی جماعت میں تبدیل، محبوب نگر میں انتخابی جلسہ سے خطاب، کانگریس اور بی جے پی مل کر بھی مرکز میں حکومت نہیں بناسکتے
محبوب نگر یکم / اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عوام اب ووٹ بینک کی سیاست سے نجات پانے کیلئے بے چین ہیں اور بی جے پی و کانگریس کو ٹھکرانے کیلئے انتظار میں ہیں ۔ ملک کے عوام مرکز میں عام آدمی کی ضرورت و مسائل اور خصوصاً کسانوں کی خوشحالی کیلئے اقدامات کرنے والی جماعتوں کو اقتدارسونپنے سوپچنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل شام 7 بجے محبوب نگر کے مضافات ، امتاپور میں ایک بڑے میدان میں جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام پسماندگی کے دلدل میں پھسنے ہوئے ہیں اور ان دونوں جماعتو ںکے دور میں ترقیاتی کام ٹھپ تھے ۔ انہوں نے مستقر پر مودی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نجومیوں پر یقین رکھتا ہوں ۔ آپ ہندو مذہب کے نام پر سیاست کرتے ہیں ۔ پولیٹیکل ہندو ہیں جبکہ میں ایک سچا ہندو ہوں ۔ مودی سرجیکل اسٹرائک کرواکر ہیرو بننے کی چکر میں ہیں لیکن دشمن اسٹرائک کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ہمارے ہاں ایک چیونٹی بھی نہیں مری ۔ کانگریس ، بی جے پی کو دو ٹوک انداز میں کہا کہ 23 مئی کے بعد مرکز میں علاقائی پارٹیاں حکومت بنائیں گی ۔ حالیہ سروے کے مطابق این ڈی اے کو 150 اور کانگریس کو 100 نشستیں ملیں گی یہ دونوں مل کر بھی حکومت نہیں بناسکتے ۔ ٹی آر ایس عنقریب قومی جماعت میں تبدیل ہوگی ۔ انہو ںنے کہا کہ اندرون 3 سال پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ تکمیل کرکے 20 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے ساتھ ساتھ سنہرا بھارت بنانے میں بھی اہم ترین کردار ادا کروں گا ۔ انہوںنے حلقہ پارلیمان محبوب نگر کے ٹی ار ایس امیدوار ایم سرینواس ریڈی کا تعارف کروایا اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے چیف منسٹر کا استقبال کیا ۔ امتیاز اسحق ریاستی سکریٹری نے کے سی آر کو امام ضامن باندھا ، شہ نشین پر بنڈا پرکاش ممبر راجیہ سبھا ، کیشور راؤ جنرل سکریٹری ، ضلع پریشد چیہرمین بھاسکر کے علاوہ ضلع کے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے ایک گھنٹہ تقریر کی اور ونپرتی کیلئے روانہ ہوگئے ۔