سنگھ پریوار کی نفرت انگیز مہم کی مذمت

محبوب نگر /2 نومبر (فیکس) محمد تقی حسین تقی بانی مسلم حقوق جدوجہد کمیٹی تلنگانہ نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ سنگھ پریوار ملک بھر میں نفرت انگیز مہم کا آغاز کرتے ہوئے ہندوتوا نظریہ تھوپنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ملک کے الگ الگ حصوں میں مختلف موضوعات کو لے کر مسلمانوں کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور دوسری طرف رام مندر مسئلہ پر دوبارہ لب کشائی کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لو جہاد شوشے کی ناکامی کے بعد سنگھ پریوار دینی مدارس میں دی جانے والی تعلیمات پر انگشت نمائی کر رہا ہے اور مرکزی حکومت اس کے شانہ بہ شانہ مدارس کے خلاف سرکاری مشنری کا استعمال کرتے ہوئے علماء کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ سنگھ پریوار حکومت پر پوری طرح قابو پاچکی ہے اور نریندر مودی سنگھ پریوار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ شاید اسی لئے مرکزی حکومت سنگھ پریوار کے بہی خواہ کارپوریٹ اداروں کو نفع پہنچانے میں لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے مسلمانوں اور سیکولر ذہن کے ابنائے وطن سے اپیل کی ہے کہ وقت کے تقاضہ کے مطابق سیکولرازم کی بقاء اور ملک کے شیرازہ کو بکھرنے سے بچانے کے لئے متحد ہو جائیں اور سنگھ پریوار کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔