خوبصورت نظر آنا ہرا یک کی اولین خواہش ہوتی ہے مگر خوبصورت رہنے کے گر ہر کوئی نہیں جانتا۔ اسی لئے خواتین یہ سوچتی رہتی ہیں کہ تیاری کے دوران کوئی ایسا طریقہ آزمایا جائے جو ہمیں دوسروں سے ممتاز بنادے اور یہ جاننے کیلئے کہ ہم پر پہنا ہوا لباس ، جیولری ، جوتے ، میک اپ غرض ہر چیز اچھی لگ رہی ہے اور شخصیت کے مطابق ہے یا نہیں۔ بالوں کا انداز بدلانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ ساری باتیں اس وقت ہمارے ذہن میں ضرور گونجتی ہیں جب ہم سنگھار میز کے آگے کھڑے اپنے بھرپور سراپے کا جائزہ لے رہے ہوں۔ مرض حضرات یہ بات اکثر کہتے ہیں کہ آئینے کے سامنے کھڑا ہونا اور اپنی تعریف کرنا خواتین کا پسندیدہ مشغلہ ہے ۔
ایک ایسا دور بھی تھا جب سنگھار میز کو صرف خواتین کیلئے ہی سمجھا جاتا تھا ۔ اس پر خواتین کے بناؤ سنگھار کا سامان ہی دکھائی دیتا تھا۔ اب معاملہ اس کے برعکس ہوگیا ہے ۔ اب تو سنگھار میز خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں اور بچوں کی ضرورت بھی بن گیا ہے۔ اس لئے سنگھار میز کے حوالے سے یہ جاننا ضروری ہے کہ سنگھار میز پر کیا کیا ضروری چیزیں موجود ہونی چاہئیں۔ سب سے پہلی اور ضروری چیز ہیئر برش اور کنگھا جو ہر وقت استعمال کیا جاتا ہے ۔ ٹشو پیپر کا ڈبہ بھی بہت ضروری ہے کیونکہ میک اپ صاف کرنے میں ٹشو پیپر ہی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ لپ اسٹک، لپ پینسلز کے وہ شیڈز سامنے رکھیں جو آپ بہت زیادہ استعمال کرتی ہیں۔ پرفیوم کی موجودگی بھی ڈریسنگ ٹیبل پر ضروری ہے ۔ مگر ایک بات ضرور ذہن میں رکھیں کہ بہت زیادہ پرفیومز ایک ساتھ رکھنے سے ان کی خوشبو متاثر ہونے کا احتمال رہتا ہے ۔ لہذا ڈریسنگ ٹیبل کو بہت زیادہ بھرنے کی بجائے صرف ضروری چیزیں سجائیں ورنہ غیر ضروری چیزوں کی بھر مار سے بھی سنگھار میز برا لگ سکتا ہے ۔ کمرے میں سنگھار میز کی سیٹنگ کرتے وقت روشنی کو ضرور مد نظر رکھیں کیونکہ آپ کے تیار ہونے کی جگہ پر اگر روشنی کم آئے گی تو آپ بہتر طور پر نہ تو میک اپ کرسکتی ہیں اور نہ ہی کسی چیز کا جائزہ لے سکتی ہیں ۔ بہت سی خواتین اس بات کو جانتے ہوئے ڈریسنگ ٹیبل کے اندر ایسی لائیٹ ضرور لگواتی ہیں جو میک اپ اور لباس کو نمایاں کرے۔