سنگاریڈی ۔ /3 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی بالخصوص سنگور پراجکٹ کے آبگیر علاقہ میں ہوئی شدید بارش کے باعث سنگور پراجکٹ میں پانی تیزی کے ساتھ جمع ہونا شروع ہوگیا اور آج صبح پراجکٹ مکمل طور پر لبریز ہوگیا ۔ سنگور پراجکٹ کی مکمل سطح آب 523.60 میٹر اور 29.917 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ اندوزی کی گنجائش ہے ۔ کل پانی کا انفلو 3 ہزار کیوزکس تھا جو آج صبح بڑھکر تقریباً 10 ہزار کیوزکس ہوگیا اور سنگور پراجکٹ اپنی مکمل سطح آب کے نشانہ یعنی 29 ٹی ایم سی کو پہنچ گیا ۔ سنگور پراجکٹ لبریز ہونے اور تیز انفلو کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کے حکام نے آج صبح 11.30 بجے سے سنگور پراجکٹ سے فاضل پانی کا اخراج شروع کردیا ہے ۔ پراجکٹ کے فلڈ گیٹ نمبر 13 کو 1.5 میٹر بلندی تک اٹھاکر 11680 ہزار کیوزکس پانی یعنی ایک ٹی ایم سی سے زائد پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے جس میں سے 8180 ہزار کیوزکس پانی راست چھوڑا جارہا ہے ۔ جبکہ 3 ہزار کیوزکس پانی برقی پیداوار کیلئے جینکو یونٹ کیلئے چھوڑا جارہا ہے ۔ سنگور پراجکٹ سے چھوڑا جانے والا پانی پہلے سنگاریڈی کے مانجرا ڈیم میں ذخیرہ اندوز ہوگیا اور مانجرا ڈیم کی بھی سطح آب مکمل ہوگئی جس کی وجہ سے مانجرا ڈیم کے دو فلڈ گیٹس کھولتے ہوئے 11 ہزار کیوزکس فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے جو کہ براہ گھن پور آیاکٹ ، نظام ساگر پراجکٹ پہنچے گا ۔ اس طرح 17 ٹی ایم سی پانی کی گنجائش والے نظام ساگر پراجکٹ میں بھی پانی ذخیرہ اندوز ہوگا ۔ فی الحال نظام ساگر پراجکٹ میں 3 ٹی ایم سی پانی جمع ہے ۔ سنگور پراجکٹ اور مانجرا ڈیم لبریز ہونے اور فلڈ گیٹس کھول دینے پر کثیر تعداد میں عوام تفریح کی غرض سے سنگور پراجکٹ اور مانجرا ڈیم پہنچ رہے ہیں ۔