سنگاریڈی میں کانگریس کا زبردست احتجاج‘ ٹی جے پرکاش ریڈی کی پولیس اسٹیشن منتقلی
سنگاریڈی5 ؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے سنگور پراجکٹ سے سری رام ساگر پراجکٹ کو اچا نک 15 ٹی ایم سی پانی کی اجرائی کے خلاف سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی و ترجمان ٹی پی سی سی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے آج ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو کے دورئہ سنگاریڈی کے موقع پر بطور احتجاج ان کا گھیرائو کرنے کا انتباہ دیا تھا ۔ ٹی جئے پرکاش ریڈی نے آج صبح اپنی قیامگاہ سے کانگریس پارٹی قائدین و کارکنوں کے ہمراہ ریلی کی شکل میں نکلنے کی کو شش کر رہے تھے کہ سنگاریڈی ڈی ایس پی ترپت انا کی قیادت میں ٹائون اور رورل سرکل انسپکٹرس کے بشمول پولیس کی بھاری جمیعت مکان پہنچ کر ٹی جئے پرکاش ریڈی اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیتے ہوئے اندرا کرن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ۔سابق رکن اسمبلی نے پولیس اسٹیشن اندرا کرن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنا یا اور کہا کہ وزیر اعلی کے سی آر اور وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو کو متحدہ ضلع میدک کے عوام نے سیاسی جلا بخشی لیکن مذکورہ قائدین نے متحدہ ضلع میدک کے عوام اور کسانوں کی حق تلفی کر تے ہوئے سنگور پراجکٹ کے پانی کو براہ نظام ساگر سے سری رام ساگر پراجکٹ کو چھوڑ نے کی سخت مخالفت کی اور فوری سنگور پراجکٹ کے پانی کی اجرائی کو روک دینے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر احتجاج میں شدت پیدا کی جائیگی۔اس خصوص میں 6 ؍نومبر بروز پیر کو سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ کا گھیرائو کر تے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کیا جائیگا اس احتجاجی دھرنے میں 5 ہزار سے زائد کسانوں کی شرکت متو قع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور اقتدار میں متحدہ ضلع میدک کے دس اسمبلی حلقہ جات میں شعبہ زراعت اور عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی کے مقصد کے تحت سنگور پراجکٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی اس کے بر عکس آج موجودہ ٹی آر ایس حکومت متحدہ ضلع میدک کے بجائے سری رام ساگر پراجکٹ کو 15 ٹی ایم سی پانی کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ سری رام ساگر پراجکٹ میں 53 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ موجود ہے اس سے مستقبل میں متحدہ ضلع میدک کے تینوں اضلاع سنگاریڈی ‘ سدی پیٹ اور میدک کے عوام اور کسانوں کو پانی کی شدید قلت سے دوچار ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا اس طر ح وزیر اعلی کے چندرا شیکھر رائو اور وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو اپنی من مانی کرتے ہوئے اقتدار کا بیجا استعمال کر تے ہوئے اضلاع سنگاریڈی میدک اور سدی پیٹ کے عوام و کسانوں کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں مستقبل میں عوام اور کسان اس کا معقول جواب دینگے۔اس موقع پر شنگر ریڈی ‘ کونہ سنتوش ‘ کرن ‘ مہیش ‘ سندیب ‘ شیخ صابر ‘ معراج خان ہاشمی ‘ محمد قطب الدین ‘ محمد ظہیر الدین ‘ غلام محی الدین بابا‘ محبو ب بیگ کے علاوہ دیگر قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔