چینائی۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) رائل چیلنجز بنگلور کے خلاف میچ میں اہم موقع پر سنگل رن نہ لینے پر چینائی سوپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے بارے میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی ٹیم کو 2 اوورز میں 36 رنز درکار تھے تاہم دھونی نے 19 ویں اوور میں تین مرتبہ سنگلز لینے سے گریز کیا جبکہ وہ ایسا کرکے اسٹرائیک ڈیوائن براوو کو دے سکتے تھے جوکہ گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچانے کی صلاحیت رکھتے لیکن دھونی کی جانب سے گیندیں ضائع کرنے پر آخری اوور میں 26 رنز بنانا تھے۔ کپتان نے 5 گیندوں پر 4، 6، 6، 2، 6 رنز بنائے لیکن آخری گیند پر فتح کیلئے دو رنز نہیں بن پائے اور اسی وجہ سے ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔