نئی دہلی۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مکمل صحتیاب اور بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہندوستان کی نمبر ایک بیاڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے آج کہا ہے کہ وہ عنقریب منعقد شدنی تھامس اینڈ اوبیر کپ فائنلس میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرامید ہیں۔ اس ٹورنمنٹ میں 3 سنگلز اور 2 ڈبلز مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ سائنا نہوال پہلے سنگلز مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کرے گی جس کے بعد اوبیر کپ کے دوسرے سنگلز مقابلے میں پی وی سندھو ایکشن میں نظر آئیں گی۔ شیڈول کے پیش نظر اظہار خیال کرتے ہوئے سائنا نے کہا کہ کسی بھی ٹورنمنٹ میں ٹیم کیلئے پہلا سنگلز مقابلہ کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کیونکہ پہلی کامیابی کے ذریعہ دیگر کھلاڑیوں کے حوصلہ کافی بلند ہوتے ہیں۔
سائنا نے مزید کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ پہلے مقابلے میں وہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ہندوستان کو کامیابی سے ہمکنار کریں گی بلکہ ان اس مظاہرہ سے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ سائنا نہوال نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اور سندھو سنگلز مقابلوں میں کامیابی حاصل کریں گے جس کے بعد جوالا گٹہ اور اشونی پونپا ڈبلز میں ٹیم کیلئے کامیابی حاصل کریں گے۔ یہاں اس ایونٹ کے آغاز کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لندن اولمپکس کی برانز میڈلسٹ سائنا نہوال نے کہا کہ وہ اس اُمید کا بھی اظہار کرتی ہیں کہ 18 تا 25 مئی کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرے گی۔