لندن۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے ’سرے‘ کے ساتھ شاندار انگلش کاؤنٹی سیزن کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا ہے ۔39 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے لنکاشائر کے خلاف اپنی آخری فرسٹ کلاس اننگز میں 35رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے ۔انہوں نے اپنی مہم8 سنچری اور 106.50 کے اوسط سے 1,491 رنز کے ساتھ ختم کی۔سنگاکارا نے ’بی بی سی‘ سے کہاکہ مجھے اس کی کمی کافی محسوس ہو گی لیکن صحیح وقت پر ریٹائرمنٹ لینا مناسب ہوتا ہے ۔کافی کھلاڑی تلخی اور مایوسی کے ساتھ ریٹائرمنٹ لیتے ہیں لیکن میں بہت کم افسوس کے ساتھ کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ جیسا کہ میں نے مظاہرہ کیا اور میں نے حاصل کیا ہے ، میں واقعی خوش ہوں۔انہوں نے کہاکہ کئی بار آپ طویل عرصے تک رہ جاتے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ آپ کو صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کر لینا چاہئے۔ سنگاکارا نے 2015 ء میں ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ وہ سب سے زیادہ اسکورر کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ وہ اگلے سال ٹوئنٹی 20 میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ سنگاکارا نے 259 میچوں کے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 52.41 کے اوسط سے 20862 رن بنائے جس میں 64 سنچری اور 86 نصف سنچری شامل ہیں۔