سنگا ریڈی میں پروین توگاڑیہ کی آمد

سنگا ریڈی ۔ 7 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پروین توگاڑیہ صدر وشوا ہندو پریشد نے سنگا ریڈی کا دورہ کرتے ہوئے وشوا ہندو پریشد ، ہندو واہنی ، آر ا یس ایس ، بی جے پی ، آریہ سماج اور دیگر ہندو تنظیموں کے اہم قائدین سے ملاقات کی اور آئندہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر مشاورت کی۔ پروین توگاڑیہ کے دورۂ سنگا ریڈی سے متعلق کوئی تشہیر یا میڈیا کو قبل از وقت اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی جلسہ منعقد کیا گیا بلکہ اہم قائدین سے ملاقات و مشاورت تک اس دورہ کو محدود رکھا گیا ۔

بتایا جاتا ہے کہ پروین توگاڑیہ نے سنگا ریڈی میں سابق چیرمین بلدیہ و صدر ضلع وی ایچ پی پنیالہ پربھاکر کے مکان پر اہم قائدین کے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر پروین توگاڑیہ نے کہا کہ ہندو مذہب کو دیگر مذاہب سے لاحق خطرہ سے محفوظ رکھنے جدوجہد کی ضرورت ہے اور تبدیلی مذہب کو رکوانے منظم طریقہ پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس سے متعلق موصولہ اطلاعات کے مطابق پروین توگاڑیہ نے حسب عادت اقلیتوں بالخصوص مسلم طبقہ کے خلاف زہر افشانی کرنے کی بات بھی بتائی گئی ۔ وندے ماترم کو لازمی طور پر پڑھانے کا بھی تذکرہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے آئندہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں ہندو مذہب اور تہذیب کے علاوہ تہواروں اور مذہب کے فروغ اور پروان چڑھانے کے ذہنیت کے حامل امیدواروں کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کامیاب کروانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ہندو طبقہ میں مذہبی شعور بیداری کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ قائدین نے پروین توگاڑیہ کو تہنیت پیش کی۔ اس اجلاس میں وی ایچ پی سکریٹری گوپال ، دھرم پرچارج پرموک رام وداس ، آر ایس ایس قائد مانک ریڈی ، بی جے پی ضلع صدر بچی ریڈی ، ضلع سکریٹری جگن ، ریاستی رکن عاملہ انورادھا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔