شارجہ۔16جنوری( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خلاف یہاں شروع ہوئے تیسرے ٹسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے سینئر کھلاڑیوں کمار سنگا کارا اور مہیلا جئے وردھنے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 220/5 رنز بنائے ہیں ۔ سنگاکارا اور جئے وردھنے نے تیسری وکٹ کے لئے 60رنز کی پارٹنرشپ بنائی جبکہ سنگاکارا نے 5چوکوں کی مدد سے 52رنز اور جئے وردھنے نے 5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47رنز اسکور کئے ۔ دن کے اختتام پر سناجئے وردھنے 28رنز اور کپتان انجیلو میتھوز 24رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستان کے لئے سعید اجمل نے 29 اوورس میں 62 رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔دریں اثناء جنید خان 44رنز ‘ محمد طلحہ 64رنز اور عبدالرحمن 45رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
پجارا ونڈے ٹیم کی نمائندگی کیلئے سخت محنت میںمصروف
نئی دہلی ۔16جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کیلئے بیٹنگ شعبہ کے اہم ستون تصور کئے جانے والے نوجوان بیٹسمین چیٹیشور پجارا نے کہا ہے کجہ وہ سخت محنت کررہے ہیں تاکہ ونڈے ٹیم کا بھی حصہ بن جائیں ۔ اسٹار اسپورٹس کے پروگرام ’’ اسٹار پاور‘‘ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پجارا نے کہاکہ وہ ونڈے کرکٹ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہیں اور خصوصاً اب جبکہ عنقریب آئی سی سی کاونڈے ورلڈ کپ 2015ء کھیلا جائے گا ‘ لہذا میں بھی ونڈے میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کا خواہاں ہوں اور ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کا حصہ رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں ایک رانجی کا مقابلہ کھیل رہا تھا تب ہندوستانی ٹیم نے 2011ء کا ورلڈ کپ جیتا تھا اور ہم سبھی نے اس مقابلہ کا مسلسل مشاہدہ کیا اور جب قومی ٹیم نے عالمی کپ کا خطابی مقابلہ اپنے نام کرلیا تو یہ لمحہ ہمارے لئے قابل فخر تھا۔دورہ نیوزی لینڈ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے نمبر 3بیٹسمین پجارا نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے ایک سخت ترین دورہ کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کسی قدر آسان ہوگا۔