سنگاکارا کی سنچری، سری لنکا 2 وکٹوں سے فاتح

فتح اللہ (بنگلہ دیش) ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی سینئر بیٹسمین کمارا سنگارکارا بنگلہ دیش میں اپنے غیرمعمولی فام کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہندوستان کے خلاف 84 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز کی یادگار اننگز کھیلتے ہوئے سننی خیز مقابلہ میں اپنی ٹیم کو 2 وکٹوں کی کامیابی دلواتے ہوئے ایشیاء کپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات کو روشن کردیا ہے۔ سنگاکارا کے علاوہ اوپنر کولس پریرا نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ 265 رنز کے تعاقب میں سری لنکائی اوپنرس نے پہلی وکٹ کیلئے 80 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی لیکن مقابلہ کے درمیانی اوورس میں مہیلا جئے وردھنے (9) ، دنیش چنڈی مل (0)، کپتان انجلیو میتھیوس (6)، سننائکے (12) اور ڈی سلوا (9) کے یکے بعد دیگرے آوٹ ہونے کی وجہ سے سری لنکا کو مشکل صورتحال کا سامنا رہا لیکن ہندوستانی ناقص فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکائی ٹیم نے 50 ویں اوور کی دوسری گیند پر مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا۔

ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 81 رنز کے عوض 3 اور رویندر جڈیجہ 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں روی چندرن اشون 10 اوور میں 42 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں ایشیاء کپ میں سبقت کیلئے کھیلے گئے ہند ۔ سری لنکا مقابلہ میں حریف اسپنرس نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو کھل کر اسکور بنانے نہیں دیا اور اوپنر شکھر دھون کو سنچری کے خلاف کپتان ویراٹ کوہلی کو نصف سنچری سے محروم رکھا۔ تاہم مقررہ 50 اوورس میں ہندوستانی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کئے ہیں۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور کوہلی کی زیرقیادت ٹیم کے اوپنرس نے پہلی وکٹ کیلئے سست رفتار 33 رنز جوڑے۔ اس موقع پر روہت شرما 28 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

شکھردھون 114 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز جبکہ ویراٹ کوہلی 51 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے اور دونوں ہی کھلاڑیوں کو اجنتا منڈیس نے بولڈ کیا۔ دیگر بیٹسمینوں میں اجنکیا راہنے (22)، امباٹی رائیڈو (18)، دنیش کارتک (4)، روی چندرن اشون (18)، اسٹیورٹ بنی (0) کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے 27 گیندوں میں 22 رنز جبکہ محمد سمیع نے دو چھکوں کی مدد سے 7 گیندوں میں تیز رفتار 14 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کیلئے اجنتا منڈیس نے 10 اوورس میں 60 رنز کے عوض اور سننانائیکے نے 10 اوورس میں 41 رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔