سنگاکارا نے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے سبکدوشی کا اشارہ دیدیا

کولمبو ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین کمارا سنگاکارا نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ آئندہ برس منعقد شدنی ونڈے ورلڈ کپ میرے کیریئر کا آخری ٹورنمنٹ ہو لیکن میں ٹسٹ کرکٹ کو طول دینے کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔ پال فربریس کا مستعفی ہونا سری لنکائی کرکٹ کیلئے بڑا نقصان ہے۔ سنگا کارا اس سے قبل ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں۔ سنگاکارا نے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں منعقدہ پانچویں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران مختصر ترین کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنا پسند کرتا ہوں اس لئے اس کو طول دینے کیلئے ہو سکتا ہے کہ آئندہ سال ونڈے ورلڈ کپ میرے کیریئر کا آخری ایونٹ ہو۔ تاہم میں اس بات کا فیصلہ دوستوں، سلیکٹروں اور افراد خاندان کی مشاورت سے کروں گا۔ سنگاکارا کی خواہش ہے کہ وہ 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں

اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بہترین انداز سے ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے کہا کہ اس وقت میں کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہوں اور کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی سری لنکائی کرکٹ کیلئے میری خدمات دستیاب ہوں گی۔ علاوہ ازیں فربریس بہترین کوچ تھے، ان کی زیر کوچنگ ہم بہت لطف اندوز ہوئے ان کا ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی ہونا ٹیم کیلئے بڑا نقصان ہے۔ سنگاکارا کا شمار دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین بیٹسمینوں میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے متعدد مرتبہ عمدہ بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ونڈے کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ اور سنتھ جے سوریا کے بعد چوتھے مقام پر ہیں۔ سنگاکارا نے اب تک 369 ونڈے مقابلوں میں 12500 جبکہ 122 ٹسٹ مقابلوں میں 11151 رنز بنا چکے ہیں۔