کولمبو۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سری لنکائی بیٹسمین کمار سنگاکارا نے آئندہ برس بہتر معاہدہ نہ ملنے کے امکان کے باعث رواں برس انڈین پریمیئر کرکٹ لیگ (آئی پی ایل )کے ساتویں ایڈیشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کرنے ہیں جس کی وجہ سے وہ آئی پی ایل 7 کے پورے ایڈیشن کیلئے دستیاب نہیں ہوسکیں گے اور اس وجہ سے فرنچائزز پرکشش معاہدے کی پیشکش نہیں کرتیں اور اسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے رواں ماہ آئی پی ایل نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ برس ہونے والے آئی پی ایل کے پورے ٹورنمنٹ کیلئے دستیاب ہوں گے اسلئے انہیں زیادہ معاوضہ ملنے کا امکان بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی وجہ سے بھی آئی پی ایل سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ تھوڑا عرصہ آرام کرنے کے بعد دورہ انگلینڈ کی تیاری کروں گا۔
کوہلی نمبر ایک مقام کے قریب پہنچ گئے
دبئی ۔ یکم فبروری۔ (سیاست ڈاٹ کام ) دورۂ نیوزی لینڈ پر ونڈے سیریز میں ہندوستان کے لئے ویراٹ کوہلی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 5 مقابلوں میں 291 رنز اسکور کئے ہیں اور اس شاندار کارکردگی کا انہیں صلہ آئی سی سی کی ونڈے عالمی درجہ بندی میں بھی ملا ہے جیسا کہ وہ ونڈے کے نمبر ایک بیٹسمین بننے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کو ونڈے سیریز میں 0-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ تاہم کوہلی نے جو شاندار بیٹنگ کامظاہرہ کیا ہے اُس کی بدولت انھیں ونڈے کی عالمی درجہ بندی میں جملہ نشانات کی تعداد 870 کرنے کاموقع ملا ہے اور اسطرح وہ موجودہ نمبر ایک کھلاڑی جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلرس سے محض 2 نشانات پیچھے ہیں۔