سنگاریڈی کے صحافیوں کی کے سی آر سے ملاقات

مسلمانوں کی ترقی کے لئے وعدے کی تکمیل کا مطالبہ

سنگاریڈی /18 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب ایم اے قادر فیصل صدر ورکنگ جرنلسٹ یونین ضلع میدک کی قیادت میں سنگاریڈی کے صحافی محمد عبد الخالق حسینی، ایم اے رفیق نوری، مسعود امتیاز احمد خاں اور محمد حاجی سدا سیو پیٹ نے تلنگانہ بھون حیدرآباد میں ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں ایم پی میدک اور اور حلقہ اسمبلی گجویل سے کامیاب ہونے پر گلدستہ اور مبارکباد پیش کی۔ صحافیوں نے انھیں ریاست تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میدک کو دوسری مرتبہ چیف منسٹر کا عہدہ حاصل ہو رہا ہے، پہلی مرتبہ 1981ء میں حلقہ اسمبلی رامائم پیٹ سے کامیاب ہوکر ٹی انجیا نے کانگریس حکومت میں چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کیا تھا اور اب تقریباً 33 سال بعد کے سی آر کی صورت میں ضلع میدک کو چیف منسٹر کا عہدہ حاصل ہو رہا ہے۔ صحافیوں نے مسلم اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کو ٹی آر ایس حکومت میں اولین ترجیح دینے کی بات کہی، جس پر کے سی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں مسلم اقلیتوں سے جتنے وعدے کئے ہیں، تمام وعدے بشمول 12 فیصد مسلم تحفظات کو پورا کیا جائے گا۔ بعد ازاں صحافیوں نے جناب محمود علی ایم ایل سی ٹی آر ایس سے بھی ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر گفتگو کی۔ ضلع میدک کے نومنتخب ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ٹی ہریش راؤ، رام لنگاریڈی، پدما دیویندر ریڈی، مہیپال ریڈی اور مدن ریڈی سے بھی ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کی کابینہ میں ضلع میدک سے ٹی ہریش راؤ کے علاوہ رام لنگا ریڈی، پدما دیویندر ریڈی اور بابو موہن کے نام زیر غور ہیں۔