بلدی عہدیداروں کے اجلاس سے ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
سنگاریڈی۔/30نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اندرون 6 ماہ شہر سنگاریڈی کو بنیادی سطح پر ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کرتے ہوئے ریاست میں نمایاں مقام دلوانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے آج جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے دو بلدیات سنگاریڈی اور سدا سیو پیٹ کے بلدی عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوص میں سنگاریڈی اور سدا سیو پیٹ بلدیات کی ترقی کیلئے فی کس 5 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں لائی جارہی ہے۔ یکم جنوری سال 2017 سے قبل ان دونوں بلدیات کو پلاسٹک کے استعمال سے پاک و صاف بنایا جائے گا۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں پر زور دیا کہ انفرادی بیت الخلاؤں کی تعمیر میں صد فیصد نشانہ کو مکمل کریں۔ سنگاریڈی ٹاؤن میں 5 ایکر اراضی پر ڈمپ یارڈ کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ علاوہ سنگاریڈی ٹاؤن کے 31 وارڈس اور سدا سیو پیٹ کے تمام بلدی وارڈس میں کچرے کی نکاسی کیلئے نئے آٹوز فراہم کئے جارہے ہیں۔ عنقریب سنگاریڈی و سداسیو پیٹ ٹاؤن کی اہم سڑکوں پر ایل ای ڈی لائیٹس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور اہم سڑکوں پر بٹر فلائی لائنس کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے دونوں ٹاؤنس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت سنگاریڈی ٹاؤن کو 16 کروڑ روپئے کی لاگت سے اور سداسیو پیٹ ٹاؤن کو 24 کروڑ روپئے سے گھر گھر کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ماہ ڈسمبر تک صدفیصد امکانات کے ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اضلاع سنگاریڈی، میدک اور سدی پیٹ کی ترقی کیلئے اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ وزیر کے ٹی آر نے مذکورہ بلدیات کی ترقی کیلئے تفصیلی طور پر جائزہ لیا ۔ صاف صفائی، پینے کے پانی اور کچرے کی موثر نکاسی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور ایچ ایم ڈی کے تحت پوتریڈی چوراہا سنگاریڈی تا محبوب ساگر بڑا تالاب، سنگاریڈی تک سڑک کی توسیع کرتے ہوئے درمیان میں روڈ ڈیوائیڈر، بٹر فلائی لائٹس کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے سنگاریڈی کی اس اہم سڑک کو خوبصورت سڑک میں تبدیل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی پدما دیویندر ریڈی، چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی، ضلع کلکٹر کے مانک راج، رکن پارلیمان میدک کے پربھاکر ریڈی، ضلع پریشد چیرمین راجمنی، ایچ ایم ڈی اے کمشنر چرنجیوی، انورادھا، سی ایم ڈی اے، ضلع جوائنٹ کلکٹر وینکٹیشورلو، آر ڈی او سنگاریڈی سرینواس ریڈی، چیرمین بلدیہ سنگاریڈی بی وجئے لکشمی، سنگاریڈی میونسپل کمشنر ، سدا سیو پیٹ کمشنر بلدیہ اسحاق اللہ ٹرانسکو ایس ای ضلع میدک سداسیو ریڈی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔