ضلع میں ویمنس یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھرپور مساعی، گورنمنٹ جونیر کالج کی طالبہ کو اسپورٹس میں بہتر مظاہرہ پر ایک لاکھ نقد انعام
سنگاریڈی۔/19ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر جگا ریڈی نومنتخب رکن اسمبلی سنگاریڈی نے آج گورنمنٹ جونیر کالج گرلز، گورنمنٹ جونیر کالج بوائز، گورنمنٹ ڈگری کالج ویمنس اور تارا ڈگری کالج و پی جی کالج سنگاریڈی کا دورہ کرتے ہوئے پرنسپلس، لکچررس اور طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور کالجس کے مسائل اور ضروریات سے تفصیلی طور پر آگاہی حاصل کی اور کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں بہترین و معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ حلقہ سنگاریڈی کے تمام سرکاری جونیر و ڈگری کالجس میں اعلیٰ معیاری انفراسٹرکچر فراہم کرتے ہوئے ماڈل کالجس کے طور پر ترقی دی جائے گی اور سنگاریڈی کو ’’ ایجوکیشن ہب ‘‘ میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تارا ڈگری کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے بھرپور سعی کریں گے اور سنگاریڈی میں ویمنس یونیورسٹی کے قیام کیلئے حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ گورنمنٹ جونیر کالج گرلز اور گورنمنٹ ڈگری کالج ویمنس میں مزید نئے گروپس کی منظوری اردو میڈیم پی جی گروپس اور اردو میڈیم گریجویٹ میں سائینس گروپ کی منظوری کیلئے حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے گورنمنٹ جونیر کالج بوائز میں داخلوں میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے اور نئے کورسیس متعارف کروانے پر زور دیا۔ انہوں نے گورنمنٹ جونیر کالج گرلز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس پر پرنسپل نے بتایا کہ کالج میں 730 طالبات زیر تعلیم ہیں تاہم بلڈنگ ناکافی ہے۔ اس پر جگاریڈی نے 30 اضافی کلاس رومس، آڈیٹوریم اور لیابس منظور کروانے کا تیقن دیا۔
جبکہ گورنمنٹ جونیر کالج بوائز میں 15 اضافی کلاس رومس، 7 لیابس جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج ویمنس میں 10 اضافی کلاس رومس اور ہاسٹل بلڈنگ، آڈیٹوریم، تارا ڈگری کالج میں 100 اضافی کلاس رومس، آڈیٹوریم، ہاسٹل بلڈنگ ، لیابس ، ایمپلائی کوارٹرس منظور کروانے کا تیقن دیا اور کہا کہ اندرون 3 ماہ تخمینہ جات اور رپورٹ تیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کی جائے گی اور حکومت کا تعاون حاصل رہا تو آئندہ دیڑھ سال میں تمام بلڈنگس مکمل کرلی جائیں گی۔ گورنمنٹ جونیر کالج گرلز سنگاریڈی میں زیر تعلیم ہونہار طالبہ انجم بیگم سی ای سی سال دوم کے اسپورٹس میں بہترین مظاہرہ پر جگاریڈی نے مبارکباد دیتے ہوئے ایک لاکھ روپئے نقد انعام دیا۔ انجم بیگم سدا سیو پیٹ کی متوطن ہیں اور حالیہ منعقدہ نیشنل گیمس میں 100میٹر کی دوڑ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ جگاریڈی نے گورنمنٹ جونیر کالج بوائز کے طالب علم محمد عمران سے ملاقات کی اور انہیں اولمپک اسوسی ایشن نیشنل گیمس میں ریاست تلنگانہ والی بال ٹیم کی نمائندگی کرنے اور سلور میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور 50 ہزار روپئے نقد انعام دیا۔ جگاریڈی نے گورنمنٹ جونیر کالج گرلز میں ہنگامی ضروریات کی تکمیل اور مسائل کی یکسوئی کیلئے 10 لاکھ گورنمنٹ ڈگری کالج ویمنس کیلئے 11 لاکھ، گورنمنٹ جونیر کالج بوائز کیلئے 20 لاکھ روپئے اپنی جانب سے عطیہ دینے کا اعلان کیا جبکہ تارا ڈگری کالج کیلئے 18 جنوری کو طلباء کے اجلاس میں امداد اعلان کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کونڈہ پور اور سدا سیو پیٹ کے سرکاری کالجس کا دورہ کیا۔