سنگاریڈی۔ یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی میں عرس عرفانی کمیٹی کے زیر اہتمام 8 فروری بروز اتوار 9 بجے شب احاطہ درگاہ حضرت حبیب احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی رحمۃ اللہ علیہ، چاؤش باغ سنگاریڈی میں جناب حکیم عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی کی زیر صدارت کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا۔ اس مشاعرہ کو اعلی پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء ڈاکٹر ماجد دیوبندی، عمران پرتاب گڑھی، ندیم شاد دیوبندی، حامد بھساولی، ڈاکٹر فاروق شکیل، مسعود جاوید ہاشمی، فیروز رشید، محمد زاہد ہریانوی، سیف الدین غوری سیف، صابر بسمتی، ڈاکٹر رضی شطاری اور فیاض علی سکندر کو مدعو کیا گیا ہے۔ مشاعرہ کے دو دور ہوں گے، پہلے دور میں نعتیہ مشاعرہ ہوگا، جب کہ دوسرے دور میں ادبی و سنجیدہ مشاعرہ ہوگا۔ فیروز رشید ناندیڑ ناظم مشاعرہ، جب کہ عبد الرزاق قریشی کنوینر اور شبیر احمد معاون کنوینر ہوں گے۔ مزید تفصیلات کے لئے سجادہ نشین بارگاہ عرفانی سے سیل نمبر 9440972161 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔