سنگاریڈی میں کانگریس مبصر تیسرے دن بھی مصروف

سنگاریڈی /12 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل ہند کانگریس کمیٹی مبصر بسواراج پاٹل نے سنگاریڈی آئی بی گیسٹ ہاؤس پہنچ کر تیسرے دن سنگاریڈی، پٹن چرو اور نرساپور اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مرزا وحید بیگ مقبول نے پارلیمانی حلقہ میدک سے راہول گاندھی کو کانگریس امیدوار بنانے کی نمائندگی کی۔ ریاستی وزیر بہبود خواتین و اطفال و رکن اسمبلی نرسا پور نے مبصر اے آئی سی سی سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل تین میعادوںسے حلقہ اسمبلی نرساپور میں کامیابی حاصل کرتی آرہی ہیں، لہذا انھیں انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔ انھوں نے بحیثیت ریاستی وزیر ترقیاتی کاموں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کی۔ رکن اسمبلی پٹن چرو نندیشور گوڑ نے مبصر سے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی پٹن چرو میں کانگریس کو مستحکم کرتے ہوئے بے شمار ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں، لہذا مجھے پارٹی ٹکٹ دیا جانا چاہئے۔ جے پرکاش ریڈی رکن اسمبلی سنگاریڈی نے بھی دوبارہ پارٹی ٹکٹ دینے کے لئے مبصر سے ملاقات اور نمائندگی کی۔ قبل ازیں مبصر سے سدی حلقہ اسمبلی سے مہندر راؤ، سرینواس اور چندر شیکھر نے نمائندگی کی۔ حلقہ اسمبلی گجویل سے نرسا ریڈی نے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ارکان اسمبلی کو ہی دوبارہ پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔ اس موقع پر کونڈا پاک کے ضلع کانگریس جنرل سکریٹری سرینواس گوڑ نے گجویل حلقہ اسمبلی سے پارٹی ٹکٹ دینے کی درخواست پیش کی۔ میدک اور دوباک اسمبلی حلقوں سے کانگریس قائدین و کارکنوں نے مبصر کے سامنے آپسی گروپ بندیوں اور رنجشوں کو ظاہر کرتے ہوئے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس دوران پی ششی دھر ریڈی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مبصر سے نمائندگی کی گئی، جب کہ سپرا بھارت راؤ کو پارٹی ٹکٹ دینے ان کے حامیوں نے نعرہ بازی کی۔ حلقہ اسمبلی دوباک سے میتم ریڈی رکن اسمبلی کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر میتم ریڈی کے فرزند سرینواس ریڈی نے پارٹی کارکنوں و قائدین کے ہمراہ پہنچ کر میتم ریڈی کو ایم پی ٹکٹ اور انھیں ایم ایل اے ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ منوہر راؤ نے بھی دوباک سے پارٹی ٹکٹ کا مطالبہ کیا۔ رگھو نندن راؤ سینئر ایڈوکیٹ، محمد فاروق حسین ایم ایل سی، گال ریڈی، بنڈی نرسا گوڑ نے بھی کل ہند کانگریس کمیٹی مبصر بسوا راج پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی دوباک سے کانگریس ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ آج شام شیخ عبد الغنی ریاستی سکریٹری کانگریس نے اپنے حامیوں کے ہمراہ مبصر سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی پٹن چرو سے ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انھیں پارٹی ٹکٹ دیا جائے تو وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے ہوئے کانگریس کو مزید مستحکم کریں گے۔ شیخ عبد الغنی نے حلقہ پارلیمان میدک سے وجے شانتی کو ایم پی ٹکٹ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ بحیثیت ایم پی وجے شانتی نے پارلیمانی حلقہ میدک میں ریلوے لائن کی منظوری اور بے شمار ترقیاتی کام انجام دی ہیں۔ فخر الدین صدر ضلع مائناریٹی ڈپارٹمنٹ، کمال الدین ٹریڈ یونین صدر اور حبیب جانی پی سی سی کوآرڈینیٹر مائناریٹی ڈپارٹمنٹ نے بھی شیخ عبد الغنی کو پٹن چرو سے ایم ایل اے ٹکٹ اور پارلیمانی حلقہ میدک سے وجے شانتی کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ مرزا وحید بیگ مقبول نے کہا کہ پارلیمانی حلقہ سے راہول گاندھی کے مقابلہ نہ کرنے کی صورت میں بھوپال ریڈی ایم ایل سی کو پارلیمانی حلقہ میدک سے ٹکٹ دیا جائے۔