سنگاریڈی میں ٹی آر ایس کے تنظیمی انتخابات

سنگاریڈی میں ٹی آر ایس کے تنظیمی انتخابات
یوسف بن عمر مجیب صدر اقلیتی سیل منتخب

سنگاریڈی /14 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں ٹی آر ایس پارٹی کے تنظیمی انتخابات مکمل ہوگئے ہیں اور ٹاون و منڈل کمیٹیوں کا اعلان کردیا گیا جس میں جناب یوسف بن عمر مجیب کا بحیثیت صدر سنگاریڈی ٹاون ٹی آر ایس پارٹی اقلیتی سیل انتخاب عمل میں آیا جبکہ سداسیوپیٹ ٹاون ٹی آر ایس پارٹی اقلیتی سیل صدر کی حیثیت سے محمد شفیع الدین سنگاریڈی منڈل ٹی آر ایس میناریٹی سیل صدر کی حیثیت سے محمد اسماعیل کا انتخاب عمل میں آیا ۔ سنگاریڈی ٹاون کمیٹی کی صدارت سرینواس چاری کو دی گئی ۔ اسی طرح سداسیوپیٹ ٹاون صدر کی حیثیت سے کرشنا کونڈاپور منڈل صدر کی حیثیت سے سریکانت ریڈی سنگاریڈی منڈل صدر کیلئے پربھاکر کو منتخب کیا گیا ۔ ٹی آر ایس پارٹی ٹاون و منڈل کمیٹیوں کے ساتھ پارٹی کی محاذی تنظیموں ایس سی سیل ، ایس ٹی سیل ، بی سی سیل اقلیتی سیل مہیلا سیل اور یوتھ ونگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں ۔ عوام کا احساس ہے کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں مسلم اقلیتوں کی 30 فیصد زائد آبادی ہے جبکہ سنگاریڈی اور سداسیوپیٹ ٹاون میں یہ تناسب تقریباً 40 فیصد ہے ۔ اس کے باوجود ٹی آر ایس پارٹی نے کسی بھی مسلم قائد کو صدر یا جنرل سکریٹری جیسے اہم عہدے کی ذمہ داری نہیں دی جبکہ توازن برقرار رکھنے اہم عہدوں پر مسلم نمائندگی ضروری تھی ۔ منڈل و ٹاون کمیٹیوں میں مسلم قائدین کو نائب صدر جوائنٹ سکریٹریز جیسے عہدے فراہم کئے گئے پارٹی میں موثر مسلم نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے 3 منڈل اور2 ٹاون کمیٹیوں میں سے کسی ایک پر مسلم قائد کو فائز کیا جاتا تو بہتر ہوتا جاریہ ماہ کی 16 تاریخ کو ٹی آر ایس پارٹی ضلع کمیٹی کے انتخابات منعقد ہوں گے ۔ جس میں عہدہ ضلع صدر کیلئے موجودہ صدر و سابق ایم ایل سی آر ستیہ نارائنا کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کے خاوند سینئیر قائد دیویندر ریڈی اور چیرمن ضلع پریشد راجمنی یادو کے خاوند مرلی یادو دوڑ میں ہیں ۔ ٹی آر ایس پارٹی ضلع کمیٹی کے اہم عہدے صدر یا جنرل سکریٹری میں سے کوئی ایک عہدہ مسلم قائدین کو دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔