سنگاریڈی۔23جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عرس عرفانی کے موقع پر حسب سابق اس مرتبہ بھی کُل ہند مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب حضرت حبیب عرفان علی شاہؒ کے 13ویں عرس شریف کے موقع پر 29جنوری بروز جمعہ 9بجے شب احاطہ درگاہ عرفانیؒ چاوش باغ سنگاریڈی میں حضرت حکیم عمر بن احمد المعروف حبیب فیض علی شاہ چشتی بندہ نوازی عرفانی سجادہ نشین درگاہ حضرت ممدوحؒ کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں ملک کے نامور شعرائے اکرام شرکت کریں گے ۔ جواہر کانپوری‘میثم گوپال پوری‘ شہزادہ کلیم پرتاب گڑھی‘فیروز رشید ناندیڑی‘ جلال میکش بھوپال ‘ آزاد انور مالیگاؤں ‘ ولی محمد زاہد ہریانوی ‘ محمد محمود علی اسیر ‘ شکیل ظہیرآبادی اور فیاض علی سکندر کو کُل ہند مشاعرہ میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا اور ان تمام نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ۔ جناب عبدالرزاق قریشی عرفانی سابق کارپوریٹر بلدیہ ناندیڑ کنوینر اور شبیر احمد الہاشمی معاون کنوینر مشاعرہ ہیں جبکہ فیروز رشید ناندیڑ ناظم مشاعرہ ہیں ۔واضح ہو کہ عرس عرفانی کے کُل ہند مشاعرہ دنیائے شعر و سخن اور ادب میں اپنا ایک انفرادی و ممتاز مقام رقم کررہا ہے ۔ عرس عرفانی مشاعروں میں منور رانا ‘ منظر بھوپالی ‘ ماجد دیوبندی ‘عمران پرتاب گڑھی ‘ جوہر کانپوری‘ حامد بھنساولی ‘ ڈاکٹر خالد نیر ‘ الطاف ضیاء اور دیگر نامور شعراء شرکت کرچکے ہیں ۔ اردو کے صف اول استاد شعراء کو مدعو کرنے کا امتیاز عرفانی مشاعروں کو ہے ۔29جنوری بروز جمعہ 9بجے شب منعقد شدنی کُل ہند مشاعرہ کے انتظامات عرفانی عرس کمیٹی کے زیراہتمام تیزی سے جاری ہیں ۔ عرفانی عرس کمیٹی نے پرستاران علم و ادب سے کل ہند مشاعرہ میں کثیر تعداد میںشرکت کی خواہش کی ہے ۔