سنگاریڈی میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ‘عوام کومشکلات

سنگاریڈی۔26ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر سنگاریڈی کی انتہائی مصروف ترین سڑک کی حالت خستہ ہوچکی ہے ۔ موسم برسات کے بعد سڑک پر گڑھے پڑچکے ہیں اور مٹی کے جم جانے سے گردن و غبار دیکھا جارہا ہے ۔ سڑک کی تعمیر ہمیشہ کی جاتی ہے لیکن سڑک کی تعمیر کے وقت معیار کا جائزہ نہیں لیا جاتا جس کی وجہ سے سڑک چند ہفتوں میں ہی خستہ ہال ہوجاتی ہے ۔ شہر سنگاریڈی کے انتہائی مصروف ترین ناندیڑ اکولہ سڑک کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ‘ ضلع کا مستقر سنگاریڈی ہونے کے باوجود بھی سڑک کی تعمیر پر عہدیدار ‘ وزراء اور عوامی منتخبہ نمائندے کوئی دلچسپی نہیں لیتے فوری سڑک کی تعمیر ضروری ہے ‘ ایک بس چلتی ہے تو دھول موٹر سیکل سواروں پر اڑتی ہے عوام اور مسافروں کا مطالبہ ہیکہ فوری سڑک کی تعمیر کی جائے اور سنگاریڈی پوتریڈی پلی چوراہا تا متنگی چار لائن سڑک بھی خستہ حال ہوچکی ہے ‘ فوری مرمتی کام انجام دیا جانا ضروری ہے ۔سنگاریڈی ٹاؤن میں 31بلدی وارڈس ہیں جس میں ایک لاکھ سے زیادہ عوام آباد ہیں ‘ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا بلدیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ بلدی عہدیداروں کی لاپرواہی کی وجہ سے مسائل میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ اگر بلدیہ کی جانب سے ہر محلہ میں صاف صفائی کیلئے آبادی کے تناسب کے حساب سے عملہ تعینات کردیا جائے اور اس کے انچارج سیل نمبر کا اعلان کردیا جائے تو صاف صفائی کے کام بہتر انداز میں ہوسکتے ہیں ۔ کئی افراد اپنے گھروں کا کچرا کوڑا کرکٹ سڑک کے بازو ڈال دینے سے گندگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ سنگاریڈی کے بلدی وارڈس میں انڈر گراؤنڈڈرینج سسٹم کی تنصیب کی سخت ضرورت ہے اور کئی محلہ جات میںپینے کے پانی کی موٹر سربراہی ضروری ہے ۔ مزید پائپ لائن کے ذریعہ مانجرا سے پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ سنگاریڈی بلدیہ میں گذشتہ چند سالوں سے مستقل کمشنر نہ ہونے سے بھی بلدی اُمور کی مؤثر انجام دہی میں مسائل دیکھے جارہے ہیں ۔ عوام کا مطالبہ ہیکہ جس طرح بلدیہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اسی طرح عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ سنگاریڈی بلدیہ آفس میں عوام کی جانب سے ٹیکس ادائیگی کیلئے عہدیداروں کی عدم موجودگی کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔