ڈ ی ایس پی اور آر ڈی او کی مشترکہ پریس کانفرنس
سنگاریڈی 9 ؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ڈی او سنگاریڈی مسٹر سینو نے ڈی ایس پی سنگاریڈی سریدھر ریڈی اور ایم آراو پرمیشور کے ہمراہ تحصیل آفس سنگاریڈی میں منعقدہ ایک مشترکہ پر یس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں جملہ 2 لاکھ 18 ہزار 71 رائے دہند ے موجود ہیں جن میں 1 لاکھ 9 ہزار 240 مرد رائے دہندے ہیں اور 1 لاکھ 8 ہزار 827 خاتون رائے دہند وں کے علاوہ دیگر 4 رائے دہندے ہیں۔حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں جملہ 280 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں سنگاریڈی منڈل میں106 ‘ کندی منڈل میں 48 ‘ کونڈہ پور منڈل میں 43 اور سدا سیو پیٹ منڈل میں 83 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔جس کے لئے 1700 پولنگ عملہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور محکمہ پولیس کے جملہ 450 آفیسر س کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔پولنگ عملہ کو امبیڈ کر اسٹیڈیم گرائونڈ سنگاریڈی پر وقت مقررہ پر حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔اور یہاں سے انتخابات میں خدمات انجام دینے والے تمام آفیسر س کو اپنے اپنے پولنگ مراکز پر روانہ کیا جائیگا۔11 ؍ اپریل کو صبح 7 ؍بجے تا شام 5 ؍بجے تک رائے دہی ہو گی۔صد فیصد رائے دہی کیلئے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے تمام رائے دہندگان میں ووٹرس سلپس تقسیم کئے جا رہے ہیں اگر کسی رائے دہندے کو ووٹر سلپ حاصل نہیں ہوئی ہو تو وہ اپنا شناختی کارڈ دیکھا کر پولنگ مراکز پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتے ہیں۔پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر انتخابی ضا بطہ اخلاق اور دفعہ 144 نافذ العمل ہے ۔ خاص کر رائے دہی کے پیش نظر 11 ؍اپریل بروز جمعرات شہر سنگاریڈی کے تمام پولنگ مراکز کے قریب دکانات اور مانجرا نگر میں جمعرات کا بازار بند رہیگا۔