سنگارینی کالریز کا سینکڑوں ملازمین کیساتھ سوتیلا سلوک

وارثین کی حق کیلئے جدوجہد ، انصاف رسانی کا مطالبہ ، پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد۔31 اگست(سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کے مہلوک مزدورو ں کے ورثہ کو ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیرمین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر کودانڈارام نے کہاکہ 2010سے 3 ہزار 600 سے زائد لوگ ملازمت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ آج یہاں قدیم پریس کلب بشیر باغ میں بھومی پترولو سنگم کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کودنڈارام نے کہاکہ نوکری کے دوران فوت ہونے والے اور طبی وجوہات پر ملازمت چھوڑنے والے ملازمین کے ورثہ کو نوکری فراہم کرنا سنگارینی کالریز انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے چار سال سے ملازمت حاصل کرنے کی جدوجہد کرنے والے گریجویٹ اور پوسٹ گرئجویٹ امیدواروں کے ساتھ سنگارینی انتظامیہ مسلسل سوتیلا سلوک کررہا ہے۔انہوں نے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سنگارینی کالریز میںملازمت کے لئے کوشاں لوگوں کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ سنگارینی انتظامیہ مذکورہ افراد کو مہینے میںپچیس کے مناسبت سے ملازمت فراہم کرنے کی تجویز پیش کی جس سے دس سال میں تمام3600ملازمین کا تقرر عمل میںآئے گا۔ انہوں نے سنگارینی انتظامیہ کی تجویز کو یکسر مستر د کرتے ہوئے کہاکہ ایک ساتھ تمام کا تقرر پچھلے چار سالوں سے انصاف کی جدوجہد کرنے والے افراد کے حق میںصحیح فیصلہ ہوگا۔چیرمین تلنگانہ ریسور س سنٹر مسٹر ایم وید کمار نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سنگارینی انتظامیہ کے رویہ کو آمرانہ قراردیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھوک ہڑتال اور مسلسل احتجاج کے باوجود سنگارینی کالریز ملازمین کا ورثہ انصاف سے محروم ہے۔ مسٹر ویدا کمار نے مزیدکہاکہ سابق میںمعطل ملازمین کی بحالی کے لئے کامیاب تحریک چلانے کے بعد سنگارینی کالریز ملازمین کے ورثہ کو انصاف دلانے کیلئے جدوجہد میں تلنگانہ ٹی آر ایس بھومی پترولا سنگم کا مکمل ساتھ دیگا۔انہوںنے سنگارینی کالریز کے چا اضلاع میںبنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا اور کہاکہ تعلیمی اور طبی سہولتیں سنگارینی ملازمین کو وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کاکام کریں گی۔ مسٹر ویدا کمار نے کہاکہ مشنری اور اوپن کاسٹ کانکنی کو بنیاد بناکر انتظامیہ نے بے شمار مزدور پیشہ ملازمین کو برطرف کرنے کاکام کیا ہے اور اب ملازمین کے ورثہ کو انصاف سے محروم رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیںجسکی سخت الفاظ میںمذمت کی جائے گی۔انہوں نے مزیدکہاکہ آصف جاہی دور حکومت میں125سال قبل سنگارینی کالریز کی بنیاد ڈالی گئی جس کا مقصد تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ملازمت فراہم کرنا تھا مگر متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام کے بعد تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کومزدور پیشہ بنادیاگیا اور سنگارینی کالریز کے اعلی عہدوں پر خود آندھرائی عہدیدار مسلط کردیئے گئے۔ ٹی وی وی جنرل سکریٹری پی رویندرا‘شنکرمدیراج‘ اور سنگارینی ملازمین تنظیم سے وابستہ ایشورنے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ہزارو ںکی تعداد میں سنگارینی ملازمین نے اس جلسہ عام میںشرکت کی۔