سنگارینی کالریز انتخابات میں ٹی بی جی کے ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل

تحریک تلنگانہ میں ملازمین کا اہم رول ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔29ستمبر (سیاست نیوز)نا ئب وزیراعلی تلنگانہ محمد محمود علی نے گوداوری کھنی کا دورہ کرتے ہوئے سنگارینی کالریز ملازمین کی ٹریڈ یونین تلنگانہ بوگّو گھنی کارمیکا سنگھم ٹی بی جی کے ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔انہوں نے ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابات میں ٹی بی جی کے ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ بارش کے باعث جلسے کے آغاز میں کافی تاخیر ہوئی اس کے باوجود جلسہ گاہ میں بڑی تعداد میں قائدین و ملازمین موجود تھے۔ نائب وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں سنگارینی ملازمین کیلئے کئی ایک فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا بالخصوص ملازمین کی صحت کا خیال کرتے ہوئے وہاں کے ہاسپٹلس کی مرمت کرواکر عصری سہولیات فراہم کی گئی ہیں مزید ان دواخانوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نمس ہاسپٹلس سے مربوط کیا گیا تا کہ ایمرجنسی میں ماہر ڈاکٹرس کی خدمات سے فی الفور ربط کیا جا سکے ۔ علاوہ ازیں مقام کار پر موجود کینٹینس کی تزئین کرتے ہوئے اس کی مرمت بھی کی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سنگارینی ملازمین کیلئے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے دسہرا اور دیوالی کیلئے خصوصی بونس اور ایڈوانس کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران ٹی بی جی کے ایس کے کردار کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ تحریک کے دوران اس تنظیم کے ارکان نے ٹی آر ایس کا تعاون کرتے ہوئے تحریک کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اورعام ہڑتال سکلا جنالہ سمے میں شریک ہوکر تحریک کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا حکومت ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی چیف وہپ کے ۔ایشور اراکین قانون سازکونسل ناراداس لکشمن و بھانو پرساد راؤ رکن اسمبلی رام گنڈم و چئیرمین تلنگانہ آرٹی سی ، ایس۔ستیا نارائنا ، مشیر برائے حکومت تلنگانہ جی، وویک کے علاوہ ٹی آر ایس و ٹی بی جی کے ایس قائدین شامل تھے ۔