سنٹرل بینک آف انڈیا ترقی کی راہ پر گامزن

حیدرآباد۔/14ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل بینک آف انڈیا ملک بھر کے کسٹمرس کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سنٹرل بینک کے ملازمین کی شب و روز محنت بھی بینک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور سنٹرل بینک آف انڈیا ملک کے کسانوں اور غریب تجارت پیشہ افراد کو کم سے کم شرح سود پر قرضوں کی اجرائی میں دیگر بینکوں کی بہ نسبت اپنی منفرد نوعیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج سنٹرل بینک آف انڈیا کے زیر اہتمام ایڈن گارڈن فنکشن پیالیس میں منعقدہ سنٹرل بینک آف انڈیا ایمپلائز اسوسی ایشن کی ڈائمنڈ جوبلی کانفرنس اور سنٹرل بینک آفیسرس یونین کی دسویں کانفرنس کی اختتامی تقریب کے موقع پر جنرل سکریٹری آل انڈیا سنٹرل بینک ایمپلائز فیڈریشن و سکریٹری آل انڈیا بینک ایمپلائز اسوسی ایشن مسٹر بی ایس رام بابو نے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل بینک آف انڈیا کی قبل ازیں ملک بھر میں صرف 25برانچس قائم تھیں اور زائد از 20ہزار کسٹمرس تھے اور صرف 5تا6 سو کروڑ کے بزنس کا ہی ٹرن اوور تھا لیکن سنٹرل بینک آف انڈیا کی بہترین کارکردگی کے نتیجہ میں آج ملک بھر میں اس کی 265 برانچس قائم ہیں اور 18لاکھ کھاتہ دار ہیں جبکہ اس بینک کا اسوقت 30ہزار کروڑ کے بزنس کا ٹرن اوور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت پبلک سیکٹر کو پرائیویٹ سیکٹر میں تبدیل کرتے ہوئے پرائیویٹ بینکوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے جو ملک کے عوام کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں ملک کے بڑے بڑے سرمایہ دار افراد کے کروڑہا روپئے معاف کرتی ہیں لیکن غریب کسانوں کے قرضہ جات کی معافی پر توجہ نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک ایمپلائز اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر عوام اور کسٹمرس کی خدمت میں رات دن محنت کرتے ہوئے بینک کے نفع کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں جبکہ پرائیویٹ بینکوں پر کوئی ذمہ داریاں نہیں رہتیں۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری آل انڈیا بینک ایمپلائز اسوسی ایشن و صدر آل انڈیا سنٹرل بینک ایمپلائز فیڈریشن مسٹر سی ایچ وینکٹا چلم، جنرل سکریٹری آل انڈیا سنٹرل بینک آفیسرس اسوسی ایشن مسٹر شانتی لال داس، ایم ایل سی مسٹر بی جے چندرا شیکھر راؤ، جنرل سکریٹری اے آئی بی او اے اسٹیٹ کمیٹی مسٹر وی انیل کمار، فیلڈ جنرل منیجر سنٹرل بینک آف انڈیا حیدرآباد زون، مسٹر کے ایشور، سکریٹری اے آئی سی سی ای ایف مسٹر رام کمار گپتا، نائب صدر اے آئی سی بی ای ایف مسٹر جی کے جوشی، جنرل سکریٹری سی بی آئی ای یوکرناٹک مسٹر ایل ستیش، جنرل سکریٹری سی بی آئی ای یو تاملناڈو مسٹر ڈی بی گوپی ناتھ، جنرل سکریٹری سی بی آئی ای یو کیرالا مسٹر ایم ایم انصاری، آل انڈیا ویمن کنوینر اے آئی سی بی ای ایف و اے آئی سی بی او اے شریمتی کے اوما جانکی کے علاوہ دیگر قائدین نے بھی مخاطب کرتے ہوئے سنٹرل بینک آف انڈیا کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سنٹرل بینک آف انڈیا کے مختلف یونین قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔