سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو وائٹ واش‘سوپر اوور میں انگلینڈ کامیاب

شارجہ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے آخری  ٹوئنٹی20 مقابلے میں سوپر اوور میں ایک گیند قبل چار رنز بناکر سیریز میں وائٹ واش کرکے درجہ بندی  میں پاکستان سے چوتھا مقام بھی چھین لیا۔ پاکستان کی جانب سے تین رنز کے نشانہکو بچانے کے لئے کپتان شاہد آفریدی خود بولنگ کرنے آئے اور آخری گیند میں رن آؤٹ کا موقع ضائع کردیا اور انگلینڈ ٹیم نے میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش کا خواب پورا  کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایان مورگن اور جوزبٹلر نے سوپر اوور میں بیٹنگ کی۔ جبکہ شاہد آفریدی اور عمر اکمل سوپر اوور میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس جارڈن کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف تین رنز بناسکے جبکہ عمر اکمل آخری گیند میں بولڈ ہوگئے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کاآخری  ٹوئنٹی20  میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا جب 155 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں سہیل تنویر نے آخری گیند میں ایک رن لے کر اسکور کو 154 تک پہنچا کر میچ کو برابر کردیا۔ قبل ازیں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے ابتدائی کھلاڑی جلدی آؤٹ ہوئے جب احمد شہزاد 4، رفعت اللہ مہمند صفر اور محمد حفیظ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کااسکور صرف 11 رنز تھا۔ محمد رضوان نے پاکستان کے اسکور کو 50 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے 24 رنز بنا ئے تھے کہ عادل راشد نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ کے ذریعہ آؤٹ کردیا۔ عمر اکمل چار رنز بنا کر معین علی کی وکٹ بن گئے۔ تاہم شعیب ملک اور کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ موڈ اپناتے ہوئے 63 رنز کی شراکت میں ٹیم کو بہتر موقف میں لاکھڑا کیا۔ شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی  لیکن شاہد آفریدی 29 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جو پاکستان کے لئے بڑا نقصان ثابت ہوا۔شعیب ملک ایک گیند قبل 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کو کامیابیکے لئے صرف دو رنز درکار تھے۔ آخری گیند میں سہیل تنویر نے ایک رن لے کر میچ کو سنسنی خیز بنادیا اور میچ سوپر اوور میں نتیجہ خیز ثابت ہوا اور انگلینڈ تین میچوں کی سیریز میں 3-0  سے کامیاب ہوا۔

پاکستانی ٹیم سیریز میں شکست کے بعد  ٹوئنٹی20  درجہ بندی میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر آگئی جبکہ انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کی جگہ چوتھا مقام  حاصل کی۔ قبل ازیں  انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری  ٹوئنٹی20  میچ میں سیریز کی پہلی جیت کے لئے 155 رنز کا نشانہ دے دیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر اس وقت دھکا لگا جب اپنا پہلا  ٹوئنٹی20 میچ کھیلنے والے عامر یامین نے جیسن روئے کو ایل بی ڈبلیو کیا اور وہ  ٹوئنٹی 20 کرکٹ میںپہلے مقابلے میں  پہلی ہی گیند پر وکٹ لینے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے گیارہویں بولر بن گئے  ہیں۔ پہلی ہی گیند پر وکٹ گرنے کے باوجود انگلینڈ نے میچ میں شاندار واپسی کی اور جیمز ونس اور جو روٹ نے اس کے بعد شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور پانچ اوورز میں 46 رنز تک پہنچا دیا۔تاہم گزشتہ میچ میں بہترین بولنگ کرنے والے شاہد آفریدی نے بولنگ پر آتے ہی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں لے کر انگلش بیٹنگ کو پریشان کیا۔ انھوں نے پہلے جو روٹ اور پھر معین علی کو اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔

شعیب ملک کی بہترین بولنگ کے باعث  مورگن اپنی وکٹ نہیں بچا سکے انھوں نے 15 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ جوز بٹلر کی صورت میں گری جب محمد رضوان نے انھیں رن آؤٹ کیا۔انور علی نے سیم بلنگز کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلادی، وہ 7 رنز بناسکے ۔کرس ووکس اور جیمز وینس نے ساتویں وکٹ میں 60 رنزبنا کر انگلینڈ کی ٹیم کو بہتر موقف میں کھڑا کردیا۔ 146 رنز پر ووکس 37 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ سہیل تنویر کی پانچویں گیند پر عمر اکمل نے 46 رنز بنانے والے وینس کا شاندار کیچ کیا۔انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔کپتان شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے فی کس  دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سیریز میں لگاتار تیسرا ٹاس ہار کر سیریز میں ٹاس ہارنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ یاد رہے 2012 میں بھی انگلینڈ کی ٹیم نے  ٹوئنٹی20  سیریز کے تینوں میچوں میں ٹاس جیتا تھا۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد  مورگن کی قیادت میں پہلے ونڈے اور پھر  ٹوئنٹی20  سیریز میں کامیابی حاصل کی۔