سنسنی خیز مقابلے میں چینائی نے حیدرآباد کو 4 رنز سے ہرایا

حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چینائی سوپر کنگ اور حیدرآباد کے درمیان راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے سنسنی خیز مقابلے میں چینائی سوپر کنگس نے میزبان ٹیم کو 4 رنز سے شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ میزبان ٹیم کے کپتان کین ویلمسین کے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔ چینائی سوپر کنگس کی شروعات اچھی نہیں رہی اور شین واٹسن 15 گیندوں پر 9 رنز بناکر ہی پویلین واپس ہوگئے، لیکن اس کے بعد کریز پر اترے بلے باز شریس رائنا نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاری کو آگے بڑھایا۔ رائنا اور فاف ڈوپلیسس کی جوڑی زیادہ دیر تک نہ چل سکی جب ڈوپلیسس کو شاہا نے 11 رنز پر اسٹمپ کردیا۔ اس کے بعد امباٹی رائیڈو نے رائنا کے ساتھ مل کر چینائی کو قابل دفاع اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔ رائنا نے 43 گیندوں میں 54 رنز بنائے تو وہیں زبردست بلے بازی کرتے ہوئے امباٹی رائیڈو 37 گیندوں میں 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ باقی کا کام کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کیا۔ انہوں نے 12 گیندوں میں 25 رنز کی پاری کھیل کر سن رائزر حیدرآباد کے سامنے 3 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا ہدف رکھا۔نشانہ کا تعاقب کرنے اتری میزبان ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ جب رکی بھووی صفر رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ حیدرآباد کو منیش پانڈے نے ایک بار پھر مایوس کیا اور بغیر کھاتہ کھولے واپس لوٹ گئے۔ حیدرآباد کے اسکور کو دیکھ کر ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ پوری ٹیم 100 رنز کے اندر ہی سمٹ جائے گی۔ ایک طرف کپتان ولیمسن کریز پر کھڑے تو دوسری جانب یکے بعد دیگرے کھلاڑی آؤٹ ہوتے جارہے تھے۔ منیش پانڈے کے بعد دیپک ہوڈا نے ایک اور شکیب الحسن نے 24 رنز بنائے۔ شکیب کے بعد کریز پر اترے طوفانی بلے باز یوسف پٹھان نے حیدرآباد کے شائقین کی امیدوں میں اضافہ کیا۔ انہوں نے 27 گیندوں میں 45 رنز بنائے۔ کپتان ولیمسن نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں میں 84 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو کامیاب نہ کرسکے۔ آخری اوور میں بلے بازی کیلئے اترے جادوئی اسپنر راشد خان نے چینائی سوپر کنگس کے خیموں میں 4 گیندوں پر 17 رنز بناکر سنسنی پیدا کردی۔ حیدرآباد کو آخری گیند پر 6 رنز کی ضرورت تھی لیکن راشد خان ٹیم کو جتا نہ سکے۔ بہتر کھیل کے مظاہرہ کیلئے امباٹی رائیڈو کو ’’مین آف دی میچ ‘‘ سے نوازا گیا۔