فتح اللہ (بنگلہ دیش)۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں رواں آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا وارپ اَپ مرحلے میں اب تک کا سنسنی خیز مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا ہے جہاں آسٹریلیا کے 200/7 کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 9 وکٹوں پر 197/9 رنز اسکور کئے۔ اس طرح آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں صرف 3 رنز کی کامیابی حاصل ہوئی۔ نیوزی لینڈ کو کامیابی کیلئے آخری 2 اوورس میں 17 رنز درکار تھے اور اس موقع پر ونڈے میں تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے آل راؤنڈر کورے جیمس اینڈرسن وکٹ پر موجود تھے اور لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کامیابی کا مطلوبہ نشانہ آسانی سے حاصل کرلے گی لیکن اننگز کے 19 ویں اوورس میں میچل اسٹارک نے اینڈرسن اور لیوک رونچی کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک شاندار کامیابی دلوائی۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کے لئے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 26 گیندوں میں 7 چوکوں اور 5 چھکے کی مدد سے 65 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پہلی وکٹ کے لئے آرون فنچ کے ہمراہ 113 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور یہ تیز رفتار رنز صرف 8 اوورس میں بنائے گئے۔ فنچ نے رضاکارانہ سبکدوشی سے قبل 22 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں شین واٹسن نے 18 گیندوں میں 3 چھکوں کی مدد سے 27 اور براڈ ہاج نے 20 گیندوں میں 2 چھکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کئے۔
نیوزی لینڈ کیلئے کائل ملس نے 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کے لئے اوپنر مارٹن گپٹل 34 گیندوں میں 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمنوں میں برینڈن مکالم نے 18 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 جبکہ اینڈرسن نے 17 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 29 اور لیوک رونچی نے 15 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کے لئے میچل اسٹارک نے 21 رنز، نیتھن کلٹر نائیل نے 36 رنز، براڈ ہاگ نے 36 رنز اور نیور ہیڈ نے 40 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ٹوئنٹی 20 وارم اَپ مقابلہ خصوصاً آسٹریلیا کے لئے اہمیت کا حامل ہے
چونکہ ایک عرصہ تک ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں اپنی حکمرانی ثابت کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم مختصر طرز کی کرکٹ میں بھی عالمی چمپین بننے کی خواہاں ہے اور اس کے کھلاڑی ان دنوں انگلینڈ کے خلاف ایشیس سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ ساز فتوحات سے کافی بلند حوصلوں کے ساتھ بنگلہ دیش پہونچے ہیں۔ بیٹنگ شعبہ میں دنیا کے دو خطرناک اوپنرس تصور کئے جانے والے ڈیوڈ وارنر اور ارون فنچ ان دنوں بہترین فام میں ہیں جبکہ ٹوئنٹی 20 کے بہترین آل راؤنڈر شین واٹسن کی بھی آسٹریلیائی ٹیم کو خدمات دستیاب ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم متواتر دوسرے وارم اَپ مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ اس سے قبل اپنے پہلے وارم اَپ مقابلے میں اسے پاکستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ اس مقابلے میں ایک موقع پر کامیابی کسی بھی ٹیم کا مقدر بن سکتی تھی۔