سنسناٹی اوپن: فیڈرر نے اینڈی مرے کو ہرایا شاراپوا کی بھی پیش قدمی

سنسناٹی، 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) روجر فیڈرر نے پُرسکون انداز میں کھیلتے ہوئے سکنڈ سٹ کے خسارے پر قابو پایا اور اینڈی مرے کو 6-3، 7-5 سے شکست دے کر اے ٹی پی ٹورس سنسناٹی ماسٹرز کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی۔ 33 سالہ سوئس اسٹار جو یہاں پانچ مرتبہ کے چمپئن ہیں، 93 منٹ میں کامیابی مکمل کرلی جبکہ سکنڈ سٹ میں ایک موقع پر وہ 1-4 سے پیچھے ہوگئے تھے۔ وہ اب کناڈا کے پانچویں سیڈ میلوس راؤنیچ کا سامنا کریں گے جنھوں نے اٹلی کے فابیو فوگنینی کو ہرایا ہے۔ دریں اثناء ماریا شاراپوا نے سیمونا ہالپ کے مقابل جنھیں وہ فرنچ اوپن ٹائیٹل کیلئے ہرا چکی ہیں، 3-6، 6-4، 6-4 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔ وہ اب اینا ایوانویچ سے کھیلیں گی، جنھوں نے یوکرینی کم عمر اسٹار ایلینا سویتولینا کو اندرون ایک گھنٹہ شکست دیدی۔

فرینک ریبری انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائر
پیرس، 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) فرانس فٹبال ٹیم کے فرینک ریبری نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 2013 ء میں یورپ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے فرانس کے فارورڈ ریبری نے کہا کہ ’’اب فیملی پر تمام توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں۔ فٹبال کو خیرباد کہنے کا یہ درست وقت ہے۔ ورلڈ کپ میں شرکت کرنا چاہتا تھا لیکن انجری کے سبب ٹورنمنٹ سے باہر ہو گیا جس کا افسوس رہے گا لیکن خوش ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد نئی زندگی شروع کرنے جا رہا ہوں‘‘۔ فرینک ریبری نے 80 میچز میں فرانس کی نمائندگی کرتے ہوئے ان میں 16 گول داغے جبکہ 20 بار گول کرنے میں معاونت کی۔