سندھو کی یاماگوچی کے خلاف شاندار کامیابی

گوانگژو۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے دفاعی چمپئن اور دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی اکانے یاماگوچی کو آج یہاں ورلڈ ٹور فائنلس کے گروپ اے میچ میں شکست دے کر ٹورنمنٹ میں زبردست شروعات کی۔ مرد وں کے زمرے میں سمیر ورما کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دبئی میں گزشتہ ایڈیشن میں رنر اپ رہیں سندھو نے خواتین کے سنگلز کے اپنے پہلے میچ میں جاپانی کھلاڑی یاماگوچی کو سخت جدوجہد کے بعد راست گیموں میں 24-22،21-15 سے شکست دے کر52 منٹ میں کامیابی درج کی۔ مردوں کے سنگلز زمرے کے گروپ بی میں ہندوستان کے سمیر کو جاپان کے کینتو موموتا کے خلاف 18-21، 6-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی نمبر ایک کھلاڑی موموتا کے خلاف ساتویں سیڈ سمیر دوسرے گیم میں بالکل چیلنج پیش نہیں کرسکیں اور35 منٹ میں اپنا میچ ہارگئے ۔دنیا میں چھٹے نمبر کی کھلاڑی سندھو کا یاماگوچی کے خلاف مقابلہ کافی دلچسپ رہا جس کے پہلے گیم میں کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی۔27 منٹ تک چلے پہلے گیم میں سندھو کی شروعات اچھی نہیں رہی اور وہ 6-11 اور پھر18-13 سے پچھے ہوئی لیکن انہوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے 19-19 پر یاماگوچی سے برابری کرلی۔آخری لمحات میں 22-22 کی برابری کے بعد یاماگوچی کا فورہینڈ نیٹ میں پھنس گیا اور سندھو نے گیم اپنے نام کرکے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرے گیم میں پھر جاپانی کھلاڑی نے دباؤ بنانے کی اچھی کوشش کی لیکن پہلے گیم میں جیت کے بعد سندھو پر اعتماد نظر آرہی تھیں اور انہوں نے تین۔ ایک کی برتری بنائی۔ دوسری رینکنگ کی کھلاڑی نے مسلسل پوائنٹس لیتے ہوئے سندھو کو چھ۔ تین سے پیچھے چھوڑ دیا۔ اولمپک سلور فاتح نے11-11 پر اسکور برابر کیا لیکن یہاں سندھو نے مسلسل آٹھ پوائنٹس لیکر اپنی برتری 11-18 پہنچا کر یاماگوچی کے لئے واپسی کے راستے تقریبا بند کر دیئے ۔ وہیں جاپانی کھلاڑی کو اپنی غلطیوں کا بھی نقصان ہوا اور15-21 سے سندھو نے کھیل اور میچ دونوں اپنے نام کر لیا۔دونوں کھلاڑی کے درمیان یہ کیریئر کا 14 واں میچ تھا جس میں کامیابی کے ساتھ سندھو نے یاماگوچی کے خلاف اپنی ہار جیت کا ریکارڈ دس۔چار کرلیا۔ سال 2018 میںدونوں کا یہ چھٹا مقابلہ تھا۔