نئی دہلی ۔ 30 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رواں برس کے اوائل پیر کے زخم کی وجہ سے کھیل متاثر ہونے کے باوجود ہندوستان کی کامیاب شٹلر ٹی وی سندھو مسرور ہیں کہ صحتیابی کے بعد انہوں نے کامیاب واپسی کی ہے جیسا کہ ڈنمارک سوپر سیریز پریمیئر کے علاوہ متواتر تیسری مرتبہ مکاوو گرانڈ پری گولڈ خطاب بھی حاصل کیا ہے ۔ دو مرتبہ کی ورلڈ چمپین برونز میڈلسٹ سندھو کو صحتیابی کے بعد کھیلے گئے اور پہلے ڈنمارک اوپن میں شرکت کے علاوہ سیزن کا پہلا خطاب مکاوو اوپن کی شکل میں گزشتہ روز حاصل ہوا ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ کھلاڑی سندھو نے کہا ہے کہ اب ان کی تمام تر توجہ انڈونیشیا ماسٹرس گرانڈ پری گولڈ ٹورنمنٹ پر مرکوز ہے جس کا کل آ غاز ہورہا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی سی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مکاوو کامیابی پر وہ کافی مسرور ہیںاور اب ان کی تمام تر توجہ انڈونیشیا میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ پر مرکوز ہوچکی ہے۔ مکاوو میں خطابات کی ہیٹ ٹرک پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہتر مظاہرہ کا نتیجہ ہے حالانکہ متانی ایک شاندار کھلاڑی ہیں جن کے خلاف مجھے جاپان اوپن میں شکست ہوئی تھی، سندھو نے مزید کہا کہ اس شکست کے باوجود حریف کھلاڑی کے خلاف کامیابی پر میں مسرور ہوں ۔