سندھو کو اوکو ہارا کے خلاف سیمی فائنل میں شکست

سنگاپور۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپین جاپان کی نوزومی اوکوہارا نے کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل میں یکے بعد دیگرے دو ہندوستانی کھلاڑیوں کو شکست دی ہے۔ اوکو ہارا نے کوارٹر فائنل میں سائنا نہوال کو شکست دی تھی جبکہ سیمی فائنل میں ان کے خلاف پی وی سندھو کو بھی بے بس دیکھا گیا ہے۔ سندھو جنہوں نے ریو اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا تھا، تاہم انہیں سیمی فائنل میں اوکوہارا کے خلاف 7-21 ، 11-21 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی۔ سندھو کو اوکو ہارا کے خلاف یہ متواتر دوسری ناکامی برداشت کرنی پڑی حالانکہ مجموعی طور پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک ہوئے مقابلوں میں سندھو کو 7-6 کی قریبی سبقت حاصل ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 2017ء ورلڈ چمپین شپ کا مسابقتی فائنل کھیلا تھا، جوکہ 110 منٹ طویل رہا اور یہ خاتون زمرہ کے سنگلز مقابلوں میں چند بہترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔