نئی دہلی۔اپریل (سیاست ڈاٹ کام )انڈیا اوپن سوپر سیریز ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ خطابی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان کی پی وی سندھو عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر پہنچ سکتی ہیں۔اولمپک سلور میڈلسٹ سندھو نے اسپین کی کیرولینا مارین کو 21۔19، 21۔16 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ انڈیا اوپن کا خطاب اپنے نام کیا اور مارین سے اولمپک فائنل میں شکست کا بدلہ بھی چکا لیا۔موجودہ عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر کی سندھو نے اس ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں ہم وطن اور آٹھویں درجہ کی سائنا نہوال کو، سیمی فائنل میں دنیا کی چوتھے نمبر کی کھلاڑی کوریا کی سنگ جی ہیون اور فائنل میں دنیا کی تیسرے نمبر کی کھلاڑی مارین کو شکست دی۔سندھو کے اس وقت عالمی درجہ بندی میں 71599 نشانات ہیں جبکہ چوتھے نمبر کی سنگ کے 73076، تیسرے نمبر کی مارین کے 73814، دوسرے نمبر کی جاپان کی اکانے یاماگوچي کے 73979 اور نمبر ایک چینی تائی پے کی تائی ینگ کے 87911 نشانات ہیں۔ہندستانی کھلاڑی نے 2016 کا اختتام چھٹے مقام اور69399 نشانات کے ساتھ کیا تھا ۔ وہ 16 فروری کو اپنے بہترین پانچویں مقام پر پہنچیں لیکن نو مارچ کو دوبارہ چھٹے مقام پر کھسک گئیں۔سندھو نے 16 مارچ کو پانچواں حاصل کیا اور انڈیا اوپن جیتنے کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ نمبر دو بن سکتی ہیں ۔