گوانگ ژہو۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنے شاندار فام کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ہندوستانی بیاڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو ورلڈ ٹور فائنلس کے فائنل میں متواتر دوسرے سال رسائی حاصل کرلی ہے لیکن پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے نوجوان سمیر ورما کو مرد زمرے کے سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ 23 سالہ سندھو جنہوں نے گزشتہ سال یہاں فائنل میں ناکامی برداشت کی تھی، تاہم سیمی فائنل میں انہوں نے تھائی لینڈ کی کھلاڑی رٹچانوک انٹانون کے خلاف راست گیمس میں 21-16، 25-23 کی کامیابی حاصل کی۔ سندھو کو سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے صرف 54 منٹوں کی جدوجہد کرنی پڑی۔ دوسری جانب سمیر کو سخت جدوجہد کے بعد آل انگلینڈ چمپین اور ورلڈ چمپین شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والے چینی کھلاڑی شی یوگی کے خلاف 21-12، 20-22، 17-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ خاتون زمرے میں سندھو نے تھائی لینڈ کی حریف کھلاڑی کے خلاف اس مقابلے سے قبل اپنی فتوحات کے ریکارڈ 3-4 کے ساتھ میدان سنبھالا تھا جبکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران سندھو کو انٹانون کے خلاف ناکامی نہیں ہوئی ہے۔ فائنل میں اولمپک کی سلور میڈلسٹ سندھو کو جاپان کی نوزومی اوکوہارا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ جن کے خلاف گزشتہ سال انہیں اسی چمپین شپ کے فائنل میں مسابقتی مقابلے کے بعد ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ سندھو نے فائنل کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں 2-3 نشانات سے آگے رہنے کے باوجود اپنی آسان غلطیوں اور دباؤ کے لمحات کو نہ جھیل پانے کی وجہ سے مقابلہ گنوایا تھا تاہم گزشتہ برس کی بہ نسبت اب میں کافی مسابقتی کھیل پیش کرنے کے علاوہ خود پر بھروسہ کرنے کے معاملے میں بھی بہتری پیدا کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائنل اس مرتبہ طویل اور مسابقتی ہوگا۔ عالمی درجہ بندی میں چھٹے مقام پر فائز سندھو کو بڑے ٹورنمنٹس کے فائنل میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے جس میں ریو اولمپکس کا گولڈ میڈل مقابلہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ 2017ء اور 2018ء کے ورلڈ چمپین شپ میں بھی انہیں سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ تاہم اس مرتبہ سندھو نے ان عزائم کا اظہار کیا ہے وہ فٹنس کے علاوہ ذہنی طور پر بھی کافی مستحکم ہیں۔