سندھو ورلڈ چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں داخل

نئی دہلی ۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی دوسری بہترین بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے عالمی نمبر دو چینی کھلاڑی شیژانگ وانگ کو شکست دیتے ہوئے کوپن ہیگن میں رواں ورلڈ چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی کے ذریعہ سندھو نے متواتر دوسری مرتبہ ورلڈ چمپئن شپ میں کم از کم برونز میڈل کے حصول کو یقینی بنالیا ہے ۔ سیمی فائنل میں سندھو کا مقابلہ تائی پائی کی کھلاڑی زوینگ تائی سے ہوگا جو کہ عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز ہیں جب کہ سندھو کا 12واں مقام ہے ۔ سندھو نے کوارٹر فائنل میں اپنی حریف کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 19-21‘ 21-19 ‘ 21-15سے شکست دی ۔ قبل ازیں گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں بھی سندھو نے برونز میڈل حاصل کیا تھا ۔ سندھو سے قبل کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستان کی نمبر ایک کھلاڑی سائنا نہوال کو عالمی نمبر ایک چینی کھلاڑی لی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔