سندھو اور گرو ایشین بیڈمنٹن کے کوارٹر فائنل میں

گمچیان(کوریا) ۔24اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان ابھرتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور آر ایم وی گرو سائی دت نے تین گیند پر مشتمل مقابلے میں کامیابی کے بعد دو لاکھ امریکی ڈالرس کے انعامی رقم کے ٹورنمنٹ ایشین بیڈمنٹن چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ درجہ بندی میں دسویں مقام پر سندھو جنہیں جاپان کی حریف کھلاڑی کے خلاف گذشتہ تین مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن آج انہوں نے ایک گھنٹہ 13منٹ طویل مقابلہ میں 14-1 ‘ 21-13 ‘ 21-18کی شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے

بلکہ گذشتہ تین ناکامیوں کا حساب بھی برابر کرلیاہے ۔18سالہ پی وی سندھو کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ تھائی لینڈ کی بوسانان سے ہوگا جنہوں نے خود سے بہتر درجہ کی مقامی کھلاڑی بائی ای یان جو کو 22-24‘ 21-19‘ 21-15سے شکست دی ہے ۔ سندھو جنہوں نے گذشتہ برس ورلڈ چمپئن شپ میں برؤنز میڈلس کے علاوہ ملیشین اوپن اور مکاؤ اوپن خطابات حاصل کئے ہیں ‘ان کی کوارٹر فائنل میں کامیابی اس لئے بھی یقینی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ گذشتہ دو مقابلوں میں انہوں نے اپنی حریف کو شکست دی ہے ۔ مرد زمرے کے مقابلے میں گرو سائی دت نے چینی تائی پائی کے کھلاڑی وانگ ژو وی کے خلاف 17-21 ‘ 21-13 ‘ 19-21 کی کامیابی حاصل کی ہے ۔