حیدرآباد، 31 دسمبر (یواین آئی) ریو اولمپکس کی فائنلسٹ ہندوستانی اسٹار پی وی سندھو اور دنیا کی دوسرے نمبر کی بیڈمنٹن کھلاڑی اسپین کی کیرولینا مارین کے درمیان پریمیر بیڈمنٹن لیگ (پی بی ایل) کے دوسرے سیزن میں اتوار کو افتتاحی میچ میں ایک بار پھر دلچسپ اور چیلنجنگ مقابلے کی توقع ہے ۔ پی بی ایل میں افتتاحی مقابلہ حیدرآباد ہنٹرس اور چنئی اسمیشرس کے درمیان ہو گا۔ مارین حیدرآباد جبکہ سندھو چنئی کی طرف سے کھیلیں گی۔ نمبر دو مارین اور زبردست ردھم میں کھیلنے والی چھٹی رینکنگ کی سندھو کے درمیان اس مقابلے میں ناظرین کو یقینی طور پر دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ حیدرآباد کی سندھو نے لیگ سے پہلے پرجوش الفاظ میں کہا، ’’میں ٹورنمنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کروں گی۔‘‘ سندھو نے کہا،لیگ میں اسکورنگ کا نظام مکمل طور پر مختلف ہوگا۔ یہ 11 پوائنٹس کا فارمیٹ ہے ۔
ہمیں ابتدائی پوائنٹس سے ہی محتاط رہنا ہوگا۔ 11 پوائنٹس کے گیمس فارمٹ میں سوچنے کے لئے زیادہ وقت نہیں ہو گا۔ لہذا ہر پوائنٹس اہم ہو جائے گا۔ ہر ٹیم یکساں طور پر مضبوط ہے ۔ لہٰذا یہ اس پر انحصار کرے گا کہ اس دن کون اچھی کارکردگی پیش کرتا ہے ۔دوسری طرف مارین نے کہا، ’’میں ہندوستان آکر بہت پرجوش ہوں۔ میں یہاں پہلے مقابلے میں گھریلو ناظرین کے سامنے کھیلوں گی اور مجھے امید ہے کہ بڑی تعداد میں شائقین ٹیم کی حمایت کریں گے ۔ سندھو کے خلاف میچ دلچسپ ہوگا ، میں اپنی پوری کوشش کروں گی۔‘‘ مارین نے کہا، اس بار اسکور کافی مختلف ہوگا۔ اس اسکور کے فارمیٹ میں وہ پہلی بار کھیل رہی ہیں۔ اس لئے انہیں احتیاط کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ میں یہاں جیت درج کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔ ریو گیمز میں خطابی مقابلہ مارین کے ہاتھوں گنوانے والی سندھو نے اس کے بعد چائنا اوپن کا خطاب جیتا تھا اور ہانگ کانگ اوپن میں رنر اپ رہی تھیں۔ انہوں نے پہلی بار عالمی سوپر سیریز فائنلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں کھیلتے ہوئے مارین کو شکست دی اور اولمپکس میں شکست کا حساب برابر کیا تھا۔ لیگ کا افتتاحی مقابلہ جہاں یکم جنوری کو حیدرآباد میں ہوگا وہیں فائنل 14جنوری کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ میں چھ ٹیمیں دہلی، ممبئی، بنگلور، لکھنو، حیدرآباد اور چنئی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو چھ کروڑ روپے کی انعامی رقم کے لئے مقابلہ کریں گی ۔فاتح ٹیم کو تین کروڑ، رنر اپ کو ڈیڑھ کروڑ اور تیسرے اور چوتھے مقام پر رہنے والی ٹیم کو 75-75 لاکھ روپے ملیں گے ۔ لیگ میں 11 پوائنٹس کے مقابلے ہوں گے اور بسٹ آف تھری گیمس کے مقابلے کھیلے جائیں گے ۔ لیگ میں جملہ18 میچ ہوں گے ۔