سندھو اور سریکانت ملائیشیا اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں داخل

کوالالمپور ۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سرفہرست بیاڈمنٹن کھلاڑی کڈمبی سریکانت اور پی وی سندھو نے یہاں ملائیشین اوپن ورلڈ ٹور سوپر سیریز ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلے کے مقابلے میں فتوحات حاصل کرلی ہیں ۔ اولمپک اور عالمی چمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو نے یہاں ٹورنمنٹ میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز عالمی درجہ بندی میں بیسویں مقام پر فائز آیا اوہوری کے خلاف 22-20، 21-12 کی کامیابی حاصل کی ہیں۔ سندھو کی یہ جاپانی کھلاڑی کے خلاف چھٹی کامیابی ہے علاوہ ازیں انڈیا اوپن کے فائنلسٹ سریکانت نے اپنے حریف انڈونیشیاء کے موزطوطا کے خلاف 21-18، 21-16 سے کامیابی حاصل کی ۔ سریکانت نے صرف 38 منٹوں میں یہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز سندھو کا اگلے مرحلے میں مقابلہ میں کوریائی کی سونگ جی ہیان سے ہوگا جن کے خلاف ہندوستانی کھلاڑی کو آل انگلینڈ ٹورنمنٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اُمید کی جارہی ہیکہ سندھو اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آل انگلینڈ کی شکست کا حساب برابر کریں گی ۔ گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں منعقدہ ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پرونائے کو تھائی لینڈ کے سیٹی کوم کے خلاف 12-21 ، 21-16 ، 21-14کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔