سندھو ، سائنا ،سمیر دوسرے مرحلے میںداخل، شریکانت باہر

ووہان۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک اور عالمی چمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ ہندستان کی پی وی سندھو ، ساتویں سیڈ سائنا نہوال اورغیر سیڈیڈ سمیر ورما نے ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں اپنے اپنے مقابلے جیت کر دوسرے مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا ہے جبکہ پانچویں سیڈیڈ سریکانت الٹ پھیر کا شکار ہوکر باہر ہوگئے ۔چوتھی سیڈیڈ سندھو نے پہلے راؤنڈ میں جاپان کی سائیکا تاکاہاشی کو محض 28 منٹ میں 21۔14، 7۔21 سے شکست دی۔ سندھو نے اس جیت سے تاکا ہاشی کے خلاف 2۔4 کا کیریئر ریکارڈ کر لیا ہے ۔ سندھو سال کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنل کا خطاب جیتنے کے بعد اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں ہیں۔ ساتویں سیڈ سائنا نے چین کی ہان یوکی کو ایک گھنٹے ایک منٹ طویل مقابلے میں 12۔21، 21۔11، 21۔17 سے شکست دی اور ہوئی کے خلاف اپنا ریکارڈ 1-1 سے برابرکرلیا۔مردوں کے مقابلے میں سمیر نے جاپان کے کاجوماسا سکئی کے مقابلے پر ایک گھنٹے سات منٹ میں 21۔13، 19۔21، 21۔17 سے قابو پالیا۔ سمیر نے کاجوماسا کے خلاف اپنا ریکارڈ 2۔2 کرلیا۔ سریکانت کو پہلے راؤنڈ میں انڈونیشیا کے شیسر ہیرن روستاویتا نے44 منٹ میں 21۔16، 22۔20 سے ہراکر باہر کردیا ۔ عالمی نمبر8 کھلاڑی سریکانت51 ویں رینکنگ کے اس انڈونیشیائی کھلاڑی سے اس سے قبل2011 کی عالمی چمپئشن شپ میں ہارے تھے ۔ سندھو کا دوسرے دور میں انڈونیشیا کی چورو نیسا کے مقابلہ ہوگا جب کہ سائنا کے سامنے کوریا کی کم گا یون کا چیلنج ہوگا۔ سمیر دوسرے دور میں ہانگ کانگ کے این کا لنگا اینگاس سے مقابلہ کریں گے ۔ مردوں کے ڈبلز میں ایم آر ارجن اور رام چندر شلوک کو پہلے دور میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ خواتین ڈبلز میں جے میگھنا اور پورویشا ایس رام کی جوڑی بھی ہار گئی۔