نئی دہلی ۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں کے سلور میڈلسٹ کندامبي سری کانت کو تازہ جاری ورلڈ بیڈمنٹن رینکنگ میں دو مقام کا فائدہ پہنچا ہے اور وہ مرد سنگلز میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ایشیائی کھیلوں میں سلور میڈل فاتح پی وی سندھو خواتین کے سنگلز میں اپنی تیسری درجہ بندی پر برقرار ہیں۔گذشتہ ماہ انڈونیشیا میں ایشیائی کھیلوں اور اس سال آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی شٹلرز کو درجہ بندی میں اس کا فائدہ پہنچا ہے ۔ مرد سنگلز درجہ بندی میں اسٹار شٹلر سری کانت دو نشان اٹھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے 67845 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔مرد سنگلز رینکنگ میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں سری کانت اکیلے ہندستانی کھلاڑی ہیں۔