دونوں اسٹارز کوارٹرفائنلز میں ناکام ۔ سریکانت سیمی فائنل میں داخل
سڈنی ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) پی وی سندھو اور سائنا نہوال دونوں ہی آسٹریلین اوپن میں کوارٹرفائنلز کے خارج ہوگئیں، جبکہ مینس سنگلز کوارٹرفائنل میں کیدمبی سریکانت نے ہم وطن شٹلر بی سائی پرنیت کو شکست دے دی۔ چین کی تائی زو یینگ نے سندھو کو 75,000 ڈالر والے ٹورنمنٹ کے کوارٹرفائنل میں جمعہ کو 10-21، 22-20، 21-16 سے ہرادیا۔ یہ عالمی نمبر ایک یینگ کی سندھو کے ساتھ 10 میچوں میں ساتویں اور لگاتار تیسری جیت ہے۔ سائنا بھی چھٹی سیڈ چینی شٹلر سون یو کے مقابل 17-21، 21-10، 17-21 سے ہارتے ہوئے ٹورنمنٹ سے خارج ہوگئیں۔ تاہم، حال میں انڈونیشیا اوپن چمپئن بنے سریکانت نے ہم وطن پرنیت کو 43 منٹ میں 25-23، 21-17 سے شکست دی۔ پرنیت نے سریکانت کو اپریل میں سنگاوپر اوپن فائنل میں ہرایا تھا اور آج شروعات اچھی کرتے ہوئے 9-6 کی سبقت تک پہنچ گئے لیکن سریکانت نے عمدہ واپسی کی اور پھر اپنے کھیل میں مسلسل بہتری پیدا کرتے ہوئے میچ کو دو گیم میں ہی ختم کردیا۔