گیمچیان (کوریا) ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ابھرتی بیڈمنٹن پی وی سندھو کے علاوہ ڈبلز کی جوڑی جوالا گٹہ اور اشونی پونپا نے آج ایشین بیڈمینٹن چمپیئن شپ میں براونز میڈل کو یقینی بنا لیا ہے۔ عالمی نمبر 10 سندھو نے بوسانند کو شکست دینے کیلئے تقریباً ایک گھنٹہ کی جدوجہد کی حالانکہ تھائی لینڈ کی حریف کھلاڑی کے خلاف گذشتہ دو مقابلوں میں انہوں نے فتوحات حاصل کی تھیں لیکن اس مقابلہ میں انہیں 14-21 ، 21-13 ، 21-10 کی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 18 سالہ سندھو جنہوں نے گذشتہ برس ورلڈ چمپیئن شپ میں براونز میڈل حاصل کیا ہے انہوں نے اپنی حریف کے خلاف کامیابی حاصل کی جس کیلئے انہیں سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ خاتون زمرہ کے ڈبلز مقابلہ میں بھی کامن
ویلتھ گیمس کی گولڈ میڈلسٹ جوڑی جوالا اور اشونی نے ملیشیائی جوڑی انشیلی انیلیا الیشیا اور سون چی چوں کو 21-12 سے شکست دیتے ہوئے صرف 40 منٹوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ خاتون زمرہ میں جہاں سنگلس اور ڈبلس مقابلوں میں ہندوستان کو فتوحات حاصل ہوئی ہیں وہیں مرد زمرہ کے سنگلس مقابلے میں آر ایم وی گرو سائی دت کو دل شکن شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ انہوں نے تقریباً ایک گھنٹہ طویل مقابلہ میں کافی بہتر مظاہرہ کی کوشش کی لیکن چین کے لیو کائی کے خلاف انہیں 24-22 ، 9-21 ، 13-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کامیابی کے بعد اشونی پونپا نے کہا کہ یہ ساتھی کھلاڑی جوالا کے ساتھ ایسی کامیابی ہے جو حوصلے بلند کرنے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔