بیدر میں گاندھی جینتی تقریب۔ جناب عتیق احمد انجینئر کا خطاب
بیدر /5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ پنچایت راج بیدر میں گاندھی جینتی تقریب نہایت اعلی پیمانے پر منائی گئی اور گاندھی جی کی تصویر پر پھول مالا ڈالے گئے۔ تقریب کی صدارت جناب محمد حامد علی اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر آر ایم ایس سب ڈیویژن نے کی، جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مسرز سید قیام الدین سینئر انجینئر پنچایت راج اور محمد عتیق احمد انجینئر نے شرکت کی۔ کنوینر ارون کمار دوشیٹی نے پروگرام کی نوعیت اور گاندھی جی کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مسٹر اشوک ریڈی نے کہا کہ گاندھی جی نے اس ملک کی آزادی کے لئے کئی قربانیاں دیں۔ ان کی تحریک نمک ستیہ گرہ اتنی کامیاب رہی کہ اس تحریک سے اس ملک میں برطانوی تسلط کو توڑا گیا۔ عدم تشدد جیسی تحریکوں کے ذریعہ گاندھی جی نے اس دیش کو آزادی دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ جناب محمد عتیق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ گاندھی جی جیسے قائد نے ملک کی آزادی کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی، یہاں تک کہ انھوں نے ملک میں امن و امان اور انگریزوں کی غلامی سے چھٹکارا پانے کے لئے کئی تحریکیں چلائیں اور ان تحریکوں کی قیادت کرتے ہوئے انگریزوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔ انھوں نے اس پرمسرت موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لئے ’’سنجیونی ہیلتھ اسکیم‘‘ کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس ہیلتھ اسکیم کے تحت سرکاری ملازمین کو حیدرآباد کے علاوہ شولا پور کے ہاسپٹل میں بھی علاج کی سہولت فراہم کئے جانے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز اسوسی ایشن ضلع بیدر کی جانب سے مسلسل ریاستی حکومت سے مطالبہ اور انتھک جدوجہد کے باعث ریاستی حکومت نے اس اسکیم کو منظوری دی ہے۔ جناب عتیق احمد نے سرکاری ملازمین سے اس اسکیم سے استفادہ کی گزارش کی اور کہا کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ’’کلین انڈیا‘‘ پروگرام کے تحت محکمہ پنچایت راج بیدر میں صفائی کا کام دفتر کے تمام آفیسرس، انجینئرس اور ملازمین مسرز شاکر رضا، اشوک ریڈی، سید قطب الدین قادری، سید فضل محمود، محمد کلیم الدین، ملیکا رجن برادر، ملیکا رجن پاٹل، بسوا راج دھن گوڑا، سید منظور حسین، سومناتھ، سوریہ کانت، محمد امیر، جناب سید محی الدین وغیرہ نے کلین انڈیا پروگرام میں حصہ لے کر دفتر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں صفائی کا کام کیا اور اس بات کا حلف لیا کہ ہم اطراف و اکناف صفائی برقرار رکھیں گے۔ آخر میں ارون کمار کے شکریہ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔