سنجوسامسن مستقبل کا ہندوستانی سوپراسٹار

نئی دہلی ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ہندوستان کے ابھرتے بیٹسمین سنجوسامسن کو ملک کا آئندہ سوپر اسٹار قرار دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہارخیال کے دوران رمیز راجہ نے ہندوستان کے ابھرتے بیٹسمینوں کے موضوع پر کہا کہ سنجوسامسن کے علاوہ چند کھلاڑی ایسے ہیں جن کی بیٹنگ سے باآسانی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 19 اور 20 سال کی عمر میں سنجوسامسن نے اپنی بیٹنگ کی جو صلاحیتیں دکھائی ہیں وہ انتہائی شاندار ہیں۔ 2013ء کے سیزن میںہندوستان کیلئے دریافت ثابت ہونے والے کیرالا کے بیٹسمین سنجوسامسن نے رواں سیزن بھی مایوس کن مظاہرہ نہیں کیا ہے جیسا کہ کنگس الیون پنجاب کے خلاف شارجہ میں 52 رنز اور ہفتہ کو فیروز شاہ کورٹلہ گراونڈ پر اپنی وکٹ دینے سے قبل دہلی کے خلاف 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے۔ پاکستان میں بیٹنگ صلاحیتوں پر کئے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے رمیز راجہ نے صرف خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ شائقین کو ہمیشہ باصلاحیت فاسٹ بولروں نے اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقاریونس کی معین خان کے ہمراہ ٹیم انتظامیہ میں واپسی پاکستان کیلئے خوش آئند ہے۔ پاکستان کے دیگر چاہنے والوں کی طرح رمیز راجہ نے بھی اپنے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ انتہائی مشکل ہیکہ ٹیم اپنے بیشتر مقابلے بیرونی ممالک کھیل رہی ہے۔