سنت کی پیروی ، محبت رسول کا اولین تقاضہ

نارائن پیٹ ۔ 22 ۔ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایس آئی او ، نارائن پیٹ یونٹ کی جانب سے مسجد حاجی خان پیٹ ، نارائن پیٹ میں جلسہ سیرت محسن انسانیتؐ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس جلسہ کو ایس آئی او زونل سکریٹری حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ برادر محمد ابرار علی نے مخاطب کیا ۔ انہوں نے حب رسولؐکے لازمی تقاضوں کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ سے جان سے زیادہ محبت جز ایمان ہے اور ساتھ ہی رسولؐ اللہ کے اسوہ الحسنہ کو اپنانا حضورؐ سے محبت کا اولین تقاضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عاشقان رسول کو چاہئے کہ وہ حضورؐ کی تعلیمات کو بندگان خدا تک پہنچانے کیلئے ہمیشہ کمربستہ رہیں ، آج دنیا میں سیرت پاکؐ کی غلط تشریح و تشہیر کیو جہ سے حضورؐ کی شان میں گستاخیاں کررہے ہیں ۔ امۃ مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ حضورؐ کے اُسوہ الحسنہ کو عام کریں ۔ جناب مجاہد صدیقی امیر مقامی نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ جناب حافظ محمد فہیم کی تلاوت سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ برادر محمد اشرف نے ترانہ ایس آئی او پیش کیا ۔ اس موقع پر جناب احمد خان ناظم ضلع محبوب نگر برادر ارشد فیصل ، زیڈ اے سی ممبر برادر محمد اظہرالدین ، کیمپس سکریٹری جناب محمد ظہیر صوفی سابق صدر ضلع و جناب محمد ایوب نو منتخبہ صدر ضلع ایس آئی او موجود تھے ۔