سنتوش نگر میں قتل کی سنگین واردات

حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) سنتوش نگر علاقہ میں پیش آئی سنگین واردات میں ایک شخص کا سر پر پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ سید عادل ساکن فتح شاہ نگر جو کنٹراکٹ ملازم تھا کی نعش آج صبح اسی علاقہ میں واقع 7-B گراونڈ میں دستیاب ہوئی ۔ گراونڈ میں نعش دستیاب ہونے کی اطلاع پر اے سی پی سنتوش نگر مسٹر اشفاق احمد اور انسپکٹر کے وی ایم پرساد مقام واردات پر پہنچ گئے اور وہاں پر سراغ رسانی دستہ کو طلب کرلیا گیا ۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلومات ہوا کہ عادل کو اس کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقام واردات کے قریب واقع خانگی اسکول کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا جس میں مقتول ایک شخص کے ہمراہ گراونڈ میں داخل ہوتا ہوا دیکھا گیا ۔پولیس نے اس فوٹیج کی مدد سے قاتل کی شناخت رفیق کی حیثیت سے کی ہے اور تحقیقات میں پیشرفت کرتے ہوئے یہ پتہ لگایا کہ 10 ماہ قبل عادل کی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا جس کے سبب اس نے دوسری شادی کی تھی پولیس کو شبہ ہے کہ رفیق نے منصوبہ بند طریقے سے عادل کا قتل کیا ہے ۔ سنتوش نگر پولیس نے قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے دواخانہ عثمانیہ میں بعد پوسٹ مارٹم نعش ورثاء کے حوالے کردی۔